جہلم کے سینئر صحافی امتیاز بیگ جاں بحق، آئی جی پنجاب کا نوٹس، آر پی او راولپنڈی ڈویژن سے رپورٹ طلب کر لی، امتیاز بیگ کی نماز جنازہ آج ادا کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کے سینئر صحافی نجی ٹی وی چینل سماء نیوز کے نمائندے حافظ امتیاز بیگ انتقال کر گئے، امتیاز بیگ جہلم کے علاقہ سعیلہ کی مسجد سے نماز ادا کرنے کے بعد گھر کیلئے نکلے، امتیاز بیگ کی ڈیڈ باڈی راستے سے ملی ان کے سر، ہاتھ اور چہرے پر زخم آۓ۔
ابتدائی میڈیکل رپورٹ کے مطابق موت کی وجہ اونچائی سے گرنا تھی۔
سینئر صحافی امتیاز بیگ کے جاں بحق ہونے کے معاملہ کا آئی جی پنجاب پولیس نے نوٹس لیتے ہوئے آر پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کر لی۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے امتیاز بیگ کی وفات پر اظہار افسوس کیا اور ڈی پی او جہلم کو واقعہ کی مکمل تحقیقات کا حکم دیا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ میڈیکل رپورٹ اور شواہد کی روشنی میں تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے موت کی وجوہات کا تعین کیا جائے۔
سینئر صحافی امتیاز بیگ کی نماز جنازہ جہلم کے علاقہ سعیلہ میں 5 مئی بروز جمعہ کو سہ پہر 4 بجے ادا کی جائے گی۔
اس سے قبل گزشتہ رات کو ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ کا کہنا ہے کہ حافظ امتیاز بیگ کا ڈیڈ باڈی کو ہسپتال منتقل کر کے پوسٹ مارٹم کروایا جا رہا ہے، موقع سے شواہد اکھٹے کر کے تمام زاویوں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں، تمام زاویوں اور پہلوؤں سے تحقیقات کرتے ہوئے میرٹ پر تفتیش عمل میں لائی جائے گی۔
حافظ امتیاز بیگ گزشتہ 8سال سے جہلم سے سماء ٹی وی کے ساتھ منسلک تھے، سینئر صحافی کی شہادت پر جہلم کی صحافی برداری میں سوگ کی فضا ہے۔