سوہاوہ: پٹرولنگ پوسٹ مسہ کسوال کے قریب پل پر خوفناک حادثہ، شیشے سے لدا ٹرک بریک فیل ہونے کی وجہ سے بے قابو ہو کر الٹ گیا، حادثہ میں 2 افراد زخمی ہو گئے، زخمیوں کو 2 گھنٹے کی مسلسل جدوجہد کے بعد ٹرک سے نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جمعہ کی علی الصبح سوہاوہ میں راجہ اکبر ہوٹل کے قریب مسہ کسوال جی ٹی روڈ سوہاوہ پر لاہور سے پشاور جانے والا شیشے سے لدا ٹرک الٹ گیا جس کے نتیجے میں ٹرک میں سوار 33 سالہ شکیل ولد عنصر سکنہ اور 29 سالہ عید محمد ولد بشیر احمد ساکنائے شیخوپورہ شدید زخمی ہو گئے۔
ٹرک ڈرائیور کے مطابق ٹرک کی بریک کام کرنا چھوڑ گئی تھی اور اس نے اپنے سے آگے جانے والی گاڑی کو بچانے اور ٹرک کو روکنے کے لیے ٹرک کی پل کی حفاظتی دیوار سے ٹکر کرائی جس کے نتیجہ میں ٹرک بے قابو ہو کر الٹ گیا۔
حادثہ کی وجہ سے راولپنڈی کی طرف جانے والی سڑک بند ہو گئی، اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور موٹروے پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور 2 گھنٹے ریسکیو آپریشن کے بعد ٹرک کو کاٹ کر دونوں کو زخمیوں کو نکال لیا گیا۔ دونوں زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔