برطانوی رکن پارلیمنٹ افضل خان لیبر پارٹی کےشیڈو منسٹر مقرر

0

مانچسٹر: لیبر پارٹی نے اپنی شیڈو کابینہ میں ردو بدل کر کے پاکستان نژاد ممبر پارلیمنٹ افضل خان کو شیڈو وزیر بزنس اینڈ ٹریڈ مقرر کیا ہے۔ ان کی نئی تقرری سے برطانیہ میں مقیم پاکستانی اور مسلم کمیونٹی میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، کمیونٹی نے لیبر پارٹی کے اقدام کو سراہا ہے۔

اس سلسلہ میں سعودی عرب کے نمائندہ ڈاکٹر شیخ حماد الماجد، ترکیہ کے قونصل جنرل سیفی اونر سین، عراقی قونصل جنرل جوادالجبیری، پاکستانی قونصلیٹ جنرل طارق وزیر خان نے افضل خان شیڈو وزیر بزنس اینڈ ٹریڈ کے ساتھ مل کر مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

بعد ازاں پاکستانی معروف کاروباری شخصیات چوہدری طاہر صدیق، مصطفیٰ کمال شیخ نے استقبالیہ کا اہتمام کیا۔

بزنس اینڈ ٹریڈ منسٹر افضل خان ایم پی نے کہاکہ برطانیہ دنیا کے امیر ترین ممالک میں سے ایک ہے،ہم پوری دنیا باالخصوص مسلم ممالک کے ساتھ بزنس اینڈ ٹریڈ تعلقات کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں، ہم پاکستان سمیت سعودی عرب، عراق، ترکیہ اور دیگر مسلم ملکوں کے ساتھ روابط کو فروغ دینے کیلئے کوشاں ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ موجودہ ٹوری حکومت کی پالیسیوں کے باعث بڑے شہروں کی گرانٹس میں کٹوتی کرنے کی وجہ سے بعض کونسلز میں فنڈز کمی کے باعث مشکلات ہیں۔ برمنگھم سٹی کونسل اسی مالی بحرانی کیفیت سے دو چار ہے۔ لیبر پارٹی برسر اقتدار آکر عوام کی خدمت میں بھر پور کردار ادا کر کے بہترین پالیسی اپنائے گی ۔

انہوں کہاکہ پاکستان اور بھارت باہمی بامقصد مذاکرات سے اپنے مسائل حل کرکے اچھے روابط پیدا کر سکتےہیں۔انہوں نے لیبر پارٹی اور اس کی لیڈر شپ کی طرف سے ان پر اعتماد اور انھیں مختلف شیڈو وزارتیں پر فائض کرنے پر تشکر کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ اب مجھے بزنس اینڈ ٹریڈ شیڈو وزارت کا قلمدان دیا گیاہے۔انشاءاللہ آئندہ انتخابات میں لیبر پارٹی جیتے گی اور ہمیں برطانیہ کے عوام کی خدمت کاموقع ملےگا۔

سعودی عرب کے شیخ ڈاکٹر حامد الماجد نے کہا کہ افضل خان نے مانچسٹر کے پہلے مسلمان لارڈ میئر بنتے ہی سعودی حکومت سے مانچسٹر کے مسلم ہیریٹج سینٹر کیلئے سعودی پانچ ملین ریال کا چیک وصول کرکے مسلم کمیونٹی کی گرانقدر خدمت کی، اب بھی وہ اہم کردار ادا کریں گے۔

ترکیہ قونصل جنرل سیفی اونر سین نے کہا کہ افضل خان کی تقرری سے مسلم ممالک اور برطانیہ کے تجارتی تعلقات کو فروغ ملے گا، انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے ساتھ فری ٹریڈ کیلئے اقدامات ضروری ہیں۔ انہوں نے پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات میں بھی رابطے بڑھانے کی اہمیت پر توجہ دلائی۔

قونصل جنرل عراقی قونصل جنرل جواد الجبیری نے امید ظاہر کی کہ افضل خان اپنے تجربات کے ذریعے مسلم ممالک اور برطانیہ کے بزنس اور ٹریڈ کیلئے نئی راہیں کھلوانے میں ممدد و معاون ثابت ہوں گے۔

قونصل جنرل پاکستان طارق وزیر نے کہاکہ پاکستان اور یوکے کے مابین پاکستانی تجارتی روابط بڑھیں گے اور برطانیہ میں مقیم پاکستانی بزنس مینوں کیلئے ٹریڈ کے مزید مواقع پیدا ہوسکیں گے ۔قونصل جنرل پاکستان نے برطانیہ میں پاکستانی تاجروں، سرمایہ کاروں کے حوصلے بلند ہوں گے۔

پاکستانی کمرشل اتاشی محمد اختر نے کہا کہ افضل خان نے ہمیشہ پاکستان کی خوشحالی کیلئے بہت بڑے کام کئے ہیں۔ انہوں نے یورپی یونین میں پاکستان کو جی ایس پی پلس درجہ دلانے میں اہم کردار ادا کیا تھا جس کے باعث پاکستان اور یورپ کے مابین مثالی تجارت میں اضافہ ہوا۔

قومی اسمبلی پاکستان کے سابق رکن اور سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والے سرمایہ کار احسان الحق باجوہ نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو برطانیہ کے ساتھ تجارت بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔ افضل خان کی بطور بزنس اینڈ ٹریڈ شیڈو وزیر بننے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، توقع ہےکہ وہ برطانیہ اور پاکستان کے ہر شعبہ خاص طور بزنس اینڈ ٹریڈ کیلئے مزید کام کریں گے۔

برٹش مسلم ہیریٹج سنٹر کے چیئرمین ناصر محمود نے کہا کہ افضل خان ایم پی برطانوی عوام کے بہترین مفادات کیلئے مخلصانہ کام کرتے رہے ہیں۔ نیا عہدہ سے نہ صرف پاکستان بلکہ پوری مسلم کمیونٹی کیلئے نیک فال ثابت ہوگا۔

استقبالیہ میں پاکستانی بزنس مینوں چیمبر آف کامرس کےشاہجہاں، کرکٹر آدم صدیق، سمائل ایڈ کے چیئرمین چوہدری شہباز سرور، چوہدری قمر الزماں ،سابق لارڈ میئر مانچسٹر کونسلر نعیم الحسن ، ڈاکٹر عمران افضل خان،چوہدری خطیب علی ،امتنان کاکڑ ،فیصل اشرف و دیگر نےشرکت نے کی۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.