قومی ائرلائن کی کارکردگی سے شدید مایوس ہیں، اوورسیز پاکستانیز

0

ڈربی/ناٹنگھم:‌ اوورسیز پاکستانیوں نے قومی ائر لائن پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دوران سفر سہولیات کی عدم فراہمی، فلائٹس آپریشنز میں کمی، مہنگی ٹکٹیں اور ائرپورٹس پر عملہ کے ناروا سلوک کے باعث تارکین وطن دیگر ائر لائنزکو ترجیح دینے پر مجبور ہیں۔

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اوور سیز پاکستانی قاضی ابرار اختر، حضر طارق، راجہ عثمان، عمیر فاروق چوہدری، شیخ عبداللہ، چوہدری رحیم شبیر، راجہ سکندر، قاسم علی چوہدری، چوہدری شعبان، چوہدری اویس اور دیگر نے کہا کہ پاکستان کی قومی ائر لائن نے تارکین وطن کو مایوس کر رکھا ہے، برطانیہ سے پاکستان جانے والی پروازیں نہ ہونے کے برابر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ برمنگھم، ہیتھرو، مانچسٹر سمیت برطانیہ کے دیگر ائرپورٹس پر قومی ائر لائن کی پروازوں پر نشستیں ہی دستیاب نہیں ہوتیں اگر خوش قسمتی سے نشستیں مل بھی جائیں تو ٹکٹس کی قیمت دیگر ائر لائنز کی نسبت بہت زیادہ ہوتی ہیں جب کہ دوران سفر غیر معیاری کھانا دیا جاتا ہے، عملہ کا مسافروں کے ساتھ رویہ ہتک آمیز ہوتا ہے جس کے باعث منافع میں جانے والا قومی ادارہ خسارے میں چل رہا ہے۔

اوورسیز پاکستانیوں نے کہا کہ ہم چھٹیوں میں پاکستان جانے کے بجائے دیگر ائر لائنز میں سستے ٹکٹوں کے عوض دیگر ملکوں میں جانے کو ترجیحی دیتے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں نے کہا کہ حکومت پاکستان قومی ائر لائن کی پروازوں میں اضافہ اور مسافروں کو سہولیات فراہم کرنے سمیت سستے ٹکٹس کی فروخت کیلئے اقدامات اٹھائے تو خسارے میں چلنے والے قومی ادارے میں پھر سے جان پڑ سکتی ہے اور اوورسیز پاکستانیوں کا اعتماد بحال ہو سکتا ہے۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.