سوہاوہ: ای او ٹی ایکسائز راجہ اورنگزیب خان نے کہا کہ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کے علاوہ ٹیکس نوٹیفکیشن کو منسوخ کرنے کا اختیار کسی کے پاس نہیں۔ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی طرف سے ٹیکس کو روکنے یا منسوخ کرنے کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی اور نہ ہی اسپیکر اسمبلی کے پاس اس نوٹیفکیشن کو منسوخ کرنے کا کوئی اختیار ہے۔
ای ٹی او ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راجہ اورنگزیب خان کی طرف سے پراپرٹی ٹیکس کی وصولی کے حوالے سے جاری کردہ بیان پر موقف لینے کے لیے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ یکمشت ادائیگی پر ڈسکاؤنٹ کی تاریخ ختم ہونے کے بعد پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کے خلاف آپریشن کا آغاز کر دیا جائے گا جس کے بعد کسی سے کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔
راجہ پرویز اشرف کی جانب سے سوہاوہ کی پراپرٹی ٹیکس کو روکنے یا ختم کرنے کے حوالے سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا، اسپیکر قومی کے پاس اس نوٹیفکیشن کو ختم کرنے کا کوئی اختیار نہیں، صرف سیکرٹری لوکل گورنمنٹ صرف اس نوٹیفکیشن کو ختم کر سکتا ہے۔
انہوں نے کیا کہ ستمبر کا مہینہ سوہاوہ کے پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کے لیے سنہری موقع ہے، اکتوبر میں سوہاوہ شہر میں ٹیکس نادہندہ گان کے خلاف بھر پور ایکشن ہو گا اور ایسی تمام پراپرٹی سیل کر دی جائے گی جنہوں نے ٹیکس نہ جمع کروایا ہو گا۔
ای ٹی او اورنگزیب خان کا کہنا تھا کہ ایسے افراد جو اب شہریوں کو گمراہ کر رہے ہیں انہوں نے خود اپنے ٹیکس جمع کروائے ہوئے ہیں، ٹیکس کی ادائیگی شہریوں کو ہر صورت کرنا ہو گی، ٹیکس کو ختم کرنے کے لیے عوامی منتخب نمائندے اور ان کے سپورٹرز کے پاس سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سے یہ ٹیکس ختم کرنے کے لیے چار سال موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ اب نگران سیٹ اپ میں اس ٹیکس کو ختم کرنے کا اختیار کسی کے پاس نہیں، جمہوری حکومت میں ٹیکس کا خاتمہ ممکن تھا جس پر توجہ نہ دی گئی، ہمارا فرض ٹیکس جمع کرنا ہے جس کو جمع کرنے کے لیے اکتوبر میں آپریشن ناگزیر ہو چکا ہے لہٰذا ایسے افراد جنہوں نے ابھی تک اپنا ٹیکس جمع نہیں کروایا وہ ٹیکس جمع کروائیں اور ستمبر میں دیئے جانے والے ڈسکاؤنٹ سے فائدہ اٹھائیں۔