جہلم: نشان حیدر اعزاز حاصل کرنے والے شیر دل جوان میجر محمد اکرم شہید کا 85 واں یوم پیدائش مدرسہ انجمن تعلیم الاسلام شمالی محلہ جہلم میں منایا گیا۔ اس سلسلے میں شہر سمیت ضلع بھر میں تقریبات منعقد کی گئیں جس میں میجر ملک محمد اکرم شہید کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
میجر محمد اکرم شہید 4 اپریل 1938ء کو ضلع گجرات کے علاقہ ڈنگہ میں پیدا ہوئے، 13 اکتوبر 1963ء کو پاکستان آرمی میں کمیشن حاصل کر کے فرنٹیئر فورس رجمنٹ میں شامل ہوئے۔1971ء کی پاک بھارت جنگ میں انہیں مشرقی پاکستان میں ہلی کے محاذ پر تعینات کیا گیا۔
میجر ملک محمد اکرم شہید (نشان حیدر)نے اس یادگار معرکے میں نہایت جرات اور استقامت کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کیا اور 5 دسمبر 1971ء کو جام شہادت نوش کیا۔ ان کی شاندار خدمات اور بہادری کے اعتراف میں انہیں پاک فوج کا اعلیٰ ترین فوجی اعزاز نشان حیدر عطاء کیا گیا۔
اس موقع پر سید خلیل حسین کاظمی کا کہنا تھا کہ میجر ملک محمد اکرم جذبہ حْبّْ الوطنی، جنگی فہم و فراست اور انسانی حوصلوں کی معراج بن کر نہ صرف ڈٹے رہے بلکہ دشمن کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچایا اور خود راکٹ لانچر سے دشمن کے 3ٹینکوں کو تقریباً 100گز کے فاصلے پر پوزیشن لے کر تباہ کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ دشمن نے ایسا جوان کب دیکھا ہوگا جو سامنے آکر فائر کرے وہ بھی اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر، اس دوران انہوں نے دشمن کو پاکستان کی سر زمین پر ایک اِنچ بھی آگے نہ بڑھنے دیا اور بے مثال جرات و استقامت کا مظاہرہ کرتے ہوئے آخر دم تک لڑتے رہے۔ بالآخر میجرملک محمد اکرم دِفاعِ وطن کے اس معرکے میں شہید ہو گئے۔
اس یاد گار معرکے میں آپ نے فرض کی تکمیل کے لئے جس انداز میں جان کا نذرانہ پیش کیا وہ ایک لازوال روایت کی حیثیت رکھتا ہے۔ان کی بے مثال جرات، دَلیری اور بے باکی کا اعتراف ہندوستانی کمانڈر انچیف نے بھی کیا، ہلی کے محاذ پر دشمن کو بھاری جانی نقصان پہنچانے پر میجر ملک محمد اکرم (شہید) کو ’’ہیرو آف ہلی‘‘ کے نام سے شہر ت ملی۔
بہادری اور جرات کی نئی داستان رقم کرنے پر میجر ملک محمد اکرم شہید کو پاک فوج کے اعلیٰ ترین اعزاز نشانِ حیدر سے نوازا گیا۔ میجر ملک محمد اکرم شہید (نشانِ حیدر) کی یادگار جہلم شاندار چوک کے مقام پر واقع ہے جہاں آج بھی درجنوں افراد روزانہ کی بنیاد پر حاضر ہو کر خراجِ عقیدت پیش کرتے دکھائی دیتے ہیں۔