جہلم شہر اور گردونواح میں عیدالفطر کی خریداری کی تیاریاں زور شور سے جاری، سٹالز سج گئے

0

جہلم: شہر اور گردونواح میں عیدا لفطر کی خریداری کی تیاریاں زور شور سے جاری ۔ مہنگائی کے باوجود شہریوں کی بڑی تعداد ر ات گئے تک شہر کے بازاروں میں خریداری میں مصروف ہیں۔

دکانداروں نے مارکیٹوں، بازاروں سڑکوں کے اطراف بچوں کے کپڑوں، گارمنٹس، جیولری، چوڑیوں سمیت مہندی کے سٹالز سجا رکھے ہیں جن پر خواتین خریداروں کا رش دیدنی ہوتا ہے جبکہ اکثر ٹیلر ماسٹر زنے کپڑوں کی سلائی میں اضافہ کرنے کے بعد آرڈر لینے بند کر دئیے ہیں۔

مہندی کیلئے ماہ رمضان کے آخری عشرے میں پوش علاقوں میں خواتین کی جانب سے گھروں کے اندر سٹالز لگا دیئے جاتے ہیں افطاری کے بعد خواتین کی بڑی تعداد خریدار ی کیلئے شہر کے بازاروں، مارکیٹوں، پلازوں کا رخ کرتی ہے۔

شہریوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ سال کی نسبت اس سال کپڑوں کی قیمتوں میں بے پنا اضافہ ہوا ہے، خریداروں کا کہنا تھا کہ مہنگائی نے عید کی خوشیاں بھی پھیکی کر دی ہیں۔ خواتین کا کہنا ہے کہ بازاروں میں ہر چیز کے نرخ آسمانوں سے باتیں کررہے ہیں اور معیار کو بھی کم کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب تاجر برادری کا کہنا ہے کہ رمضان کے مہینے میں رات 8 بجے کے بعد ہی اصل کارروبار شروع ہوتا ہے اس لئے رمضان المبارک میں بازار رات گئے تک کھلے رہتے ہیں۔

تاجروں کا کہنا تھا کہ ملک میں ہر چیز ہی مہنگی ہو چکی ہے جس کی وجہ سے گارمنٹس، جوتوں، کپڑوں، جیولری سمیت دیگر اشیاء کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے، مہنگائی کے باوجود لوگ بڑی تعداد میں روزانہ شاپنگ کرنے بازاروں میں آتے ہیں، مین بازار، کناری بازار، چوک گنبد والی مسجد، دلہن بازار صرافہ بازار، محمدی چوک ، روہتاس روڈ چوک ،بلال ٹاؤ ن ، کالا گجراں سمیت گلی محلوں میں دکانداروں نے چوڑیوں کے سٹالز لگا رکھے ہیں اور ایک ماہ میں لاکھوں روپے کا منافع کمانے کی ٹھان کر بیٹھے ہوئے ہیں ۔

شہریوں اور تاجروں نے ڈی پی او جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں سمیت بازاروں کے داخلی و خارجی راستوں پر پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے بازاروں کے اندر موٹر سائیکل سواروں سمیت گاڑیوں، چنگ چی رکشوں، ریڑھی بانوں کے داخلے پر سخت پابندی عائد کی جائے تاکہ جرائم کا خاتمہ ممکن ہو سکے اور دکانداروں کو دکانوں کے اندر دکانیں لگانے کا پابند بنایا جائے تاکہ بازاروں میں قائم ہونے والی غیر قانونی تجاوزات کا خاتمہ بھی ممکن ہو سکے۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.