پڑی درویزہ: پاکستان پیپلز پارٹی ضلع جہلم کے جنرل سیکریٹری مرزا عبدالغفار اور پی پی پی تحصیل سوہاوہ کے نائب صدر سید امجد علی بخاری نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ضلع جہلم اور تحصیل سوہاوہ کے صدر مقا م سے لے کر دیہی یونین کونسلوں تک فری آٹا سکیم کے تحت کوئی خاص کامیابی دیکھنے میں نہیں آرہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج ماہ مقدس رمضان المبارک کی چار تاریخ ہو گئی ہے لیکن تحصیل سوہاوہ صدر مقام پر اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر انتظامہ فری آٹا سکیم کو کامیاب نہیں بنا سکی ۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت کو اپنی سیاسی ہشمت قائم کرنے کی بجائے سب شہریوں کو برابر اور کم قیمت پر آٹا کی سہولت دینی چاہیے تا کہ یہ مالی ناہمواری والی گیم ختم ہو اور ہر پنجابی شہری کو سستے آٹے کی سہولت برابر فراہم کی جا سکے۔ پی پی پی کے ضلعی اور تحصیل عہدیداران نے مزید کہا کہ آٹا کے مستحقین عوام صرف تحصیل صدر مقام کے اندر موجود نہیں بلکہ تحصیل سوہاوہ کی ہر یونین کونسل کی بڑی آبادیوں میں آٹا کے ٹرک آنے چاہیے۔
مرزا عبدالغفار اور سید امجد علی بخاری نے مزید کہا کہ فری آٹا سکیم بنیادی طور پر ناکام ہو چکی ہے اس لئے وزیر اعظم یا نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کو نظر ثانی کر کے فری کی بجائے سستا آٹا سکیم متعارف کرو انی چاہیے اور بڑے شہروں کے علاوہ دیہاتی علاقوں میں مخصوص سیل پوائنٹ قائم کر کے صوبہ پنجاب بھر کے تمام شہریوں کو برابر سستا آٹا فراہم کرنے کے سنجیدہ اقدامات کرنے چاہیے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے دونوں رہنماؤں نے کہا کہ حکومت کو اس سکیم کی ناکامی کے نتیجے میں ہشمت کی بجائے سیاسی ہزیمت سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے ۔ سستا آٹا کے حوالہ سے پی پی پی کے رہنماؤں نے تجویز دی کہ فری کی بجائے بے شک 650/-والا تھیلا 500/600روپے تک فراہم کیا جائے اور شہریوں کو بلاوجہ تقسیم نہ کیا جائے بلکہ ہر شہری کے لئے یوٹیلٹی سٹور کے فرنچائیز مراکز تک بھی یہ سہولت پھیلائی جائے تا کہ زیادہ سے زیادہ پنجاب کے عوام اس سہولت سے استفادہ کر سکیں۔