جہلم: شہر اور گردونواح میں ٹریفک پولیس کے عملہ کی مہربانیوں کے باعث کم عمر رکشہ ڈرائیوروں کی تعداد میں روز بروز اضافہ، ٹریفک حادثات میں بھی غیر معمولی اضافہ، شہریوں کا ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق شہر سمیت ضلع بھر میں سینکڑوں کی تعداد میں چنگ چی رکشے سڑکوں پر موت کارقص کرتے نظرآتے ہیں اور ان کے ڈرائیوروں کی اکثریت کی عمریں 18 سال سے کم ہیں جو قانون سے نا واقف ہونے کیساتھ ساتھ ڈرائیونگ لائسنس بھی نہیں رکھتے جس کی وجہ سے حادثات میں غیر معمولی اضافہ ہو چکاہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس کی جانب سے ان ڈرائیوروں کیخلاف کارروائیاں نہ ہونے سے انسانی زندگیوں کیلئے خطرات بڑھتے جارہے ہیں جبکہ جگہ جگہ ان چنگ چی رکشاؤں کے اڈے قائم ہونے سے ٹریفک کی روانی میں بھی شدید مشکلات پیدا ہو چکی ہیں، سواری کے لالچ میں آگے پیچھے، دائیں بائیں دیکھے بغیر ہی کم عمررکشہ ڈرائیور سڑک کے عین وسط میں ہی بریک لگا دیتے ہیں جس کی وجہ سے اکثر اوقات بڑے حادثات رونما ہوتے ہیں۔
شہریوں نے ڈی پی او، قائم مقام ڈی ایس پی ٹریفک سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریفک پولیس کے زمہ داران کو کم عمر رکشہ ڈرائیوروںکے خلاف کارروائیاں کرنے کا پابند بنایا جائے تاکہ حادثات میں کمی واقع ہو سکے۔