جہلم: کنٹونمنٹ بورڈ کے علاقوں میں جی ٹی ایس چوک، سلیمان پارس، جنرل بس اسٹینڈ، مجاہد آباد پل سے ملحقہ علاقوں میں تجاوزات کی بھرمار نے شہریوں کیلئے مشکلات پیدا کر دیں، تجاوزات مافیا نے مستقل بنیادوں پر پنجے گاڑھتے ہو ئے شعبہ انسداد تجاوزات کے اہلکاروں کے ساتھ گٹھ جوڑ کر لیا، کنٹونمنٹ بورڈ انتظامیہ تجاوزات قائم کرنے والے مافیا کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائیاں کرنے سے گریزاں ہے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کنٹونمنٹ بورڈ کے علاقوں جن میں جی ٹی ایس چوک، سلیمان پارس، جنرل بس اسٹینڈ، مجاہد آباد پل سے ملحقہ علاقوں میں تجاوزات کی بھر مار ہو چکی ہے، تجاوزات کا خاتمہ نہ ہونے کی وجہ سے کنٹونمنٹ بورڈ کے علاقوں میں موجود سڑکوں کی کشادگی تنگ و تاریک گلیوں میں تبدیل ہو کر رہ گئی۔
ٹریفک جام رہنا روزانہ کا معمول بن چکا ہے، پیدل چلنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تجاوزات کی وجہ سے کنٹونمنٹ بورڈ کو سالانہ ٹیکس کی مد میں لاکھوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے لیکن انتظامیہ اس اہم مسئلے پر توجہ مرکوز نہیں کر رہی۔
شہر کے مصروف ترین علاقوں جی ٹی ایس چوک، چوک محلہ سلیمان پارس، مجاہد آباد پل سے ملحقہ علاقوں میں ہونے والی تجاوزات جس میں ٹھیہ بانوں، ریڑھی بانوں، چھابہ فروشوں سمیت لوڈر رکشوں پر مختلف اشیاء فروخت کرنے والوں نے تجاوزات قائم کر رکھی ہیں۔ یہ لوگ سڑک کے دونوں اطراف انتہائی مہارت کے ساتھ کھڑے ہو جاتے ہیں اور اپنی اشیاء فروخت کرنا شروع کر دیتے ہیں، جس سے سڑک کی کشادگی کم ہو جاتی ہے اور ان علاقوں میں ٹریفک جام رہنا روزانہ کا معمول بن چکا ہے۔
کنٹونمنٹ بورڈ کا شعبہ انسداد تجاوزات کا عملہ تجاوزات کے خلاف کارروائیاں کرنے کی بجائے مکمل لا تعلقی اختیار کئے ہوئے ہے جس کی وجہ سے مذکورہ جگہوں پر تیزی کے ساتھ تجاوزات قائم ہو رہی ہیں۔
شہریوں نے ارباب ِ اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے شعبہ انسدادِ تجاوزات کو متحرک کیا جائے تاکہ کنٹونمنٹ بورڈ کے علاقوں میں قائم ہونے والی تجاوزات کا خاتمہ ہو اور شہریوں کو آمدورفت میں پیش آنے والی مشکلات میں کمی واقع ہو سکے۔