جہلم: شہر اور مضافاتی علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری، شہریوں کے معمولات زندگی اور کارروبار پر بری طرح متاثر، آئیسکو سرکل جہلم اربن سب ڈویژن کے فیڈر عباس پورہ کے صارفین سراپا احتجاج ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جہلم اربن سب ڈویژن میں غیر اعلانیہ طویل دورانئے کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع ہے، دن اور شام کے اوقات میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
صارفین کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ شہر سمیت ملحقہ علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے صارفین کے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں، مرمت کے بہانے ، دن اور رات کے اوقات میں متعدد مرتبہ بجلی بند کر دی جاتی ہے جس کی وجہ سے بجلی کے کارروبار سے وابستہ افراد بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔
صارفین کا کہنا ہے کہ آئیسکو سرکل اربن سب ڈویژن ریکوری بھی بھرپورانداز میں کر رہی ہے لیکن اس کے باوجود واپڈا کے ذمہ داران جب چاہیں بجلی بند کر کے صارفین کی مشکلات میں اضافے کا سبب بنتے ہیں۔
صارفین نے وزیر اعظم پاکستان، وفاقی وزیر پانی و بجلی سے مطالبہ کیا ہے کہ آئیسکو سرکل اربن سب ڈویژن جہلم کے فیڈر عباس پورہ میں نافذ جنگل کے قانون کے خاتمے کے لئے نوٹس لیکر غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے احکامات جاری کئے جائیں تاکہ شہری معمولات زندگی جاری رکھ سکیں۔