جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں معمول بن گئیں، ضلع بھر میں کم عمر ڈرائیورز ٹر یفک قوانین کی خلاف ورزیاں کرنے لگے۔ ٹریفک پولیس اہلکاران قانون کی بالا دستی قائم کرنے میں بری طرح ناکام، اہم مقامات میں ٹریفک بحالی کی بجائے گپ شب میں مصروف، شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹریفک وارڈنز جہلم ضلع میں ٹریفک کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں۔ ہر شہری کو منزل مقصود پر پہنچے کی جلدی ہوتی ہے اور ٹریفک وارڈنز کی موجودگی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں دیدہ دلیری کے ساتھ کی جاتی ہیں۔
یکطرفہ ٹریفک بھی ون وے کی خلاف ورزی کرتے اور رانگ سائیڈ پر پارکنگ کے بغیر گاڑیاں کھڑی کرنا اور کم عمر ارائیوں کی بھرمار نے شہریوں کو سخت اذیت میں مبتلا کر رکھا ہے۔ شہر میں ٹریفک پولیس کے افسران کی مسلسل چشم پوشی اور غفلت کی وجہ سے ٹریفک کا شعبہ انتہائی نا کامی کا شکار ہو چکا ہے۔
افسران ٹریفک بہاؤ کو بہتر بنانے کی بجائے ائیر کنڈیشن کمروں میں موجیں کرتے دکھائی دیتے ہیں جبکہ سرکاری گاڑیوں میں ٹریفک بہاؤ کو چیک کرنے والے افسران گاڑیوں میں گھومتے نظر آتے ہیں، اندرون شہر میں ٹریفک کا بہاؤ بھی مشکلات کا شکار ہو رہا ہے۔
شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ٹریفک پولیس شہر میں تجاوزات مافیا اور غیر قانونی پارکنگ اسٹیڈز اور رکشہ اسٹینڈ سے مل چکی ہے۔ ٹریفک پولیس کے اہلکار رکشہ پارکنگ اسٹینڈز کی سرپرستی کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ شاندار چوک کے چاروں اطراف ٹریفک پولیس اور میونسپل کمیٹی کے شعبہ انکروچمنٹ کی سرپرستی میں سینکڑوں عارضی ٹھیے لگائے جاتے ہیں، جس کی وجہ سے گاڑیوں کو آمد رفت اور شہریوں کو پیدل چلنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
شہریوں نے ڈی آئی جی ٹریفک پولیس پنجاب مرزا فاران بیگ سے نوٹس لینے اور فرض شناص ایماندار افسران تعینات کرنے کا مطالبہ کیا ہے تا کہ شہریوں کو پیش آنے والی مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔