تحصیل پنڈدادنخان میں عطائی ڈاکٹروں کا راج، عطائی انسانی زندگیوں سے کھیلنے لگے

0

پنڈدادنخان: نیم حکیم خطرہ جان کے مدات ملک بھر کی طرح تحصیل پنڈدادنخان میں بھی عطائی ڈاکٹروں کا راج، ان پڑھ، نان کوالیفائیڈ ڈاکٹروں کے قائم کردہ ہسپتالوں اور کلینکوں کی بھرمار، محکمہ ہیلتھ ضلع جہلم کے اعلیٰ حکام نے نوٹوں کی چمک دیکھ کر آنکھیں بند کرلیں۔

تفصیلات کے مطابق ان پڑھ ڈاکٹروں کے قائم کردہ ہسپتالوں کی تحصیل پنڈدادنخان میں بھرمار کی وجہ سے کئی قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں، اخبارات میں خبروں کی اشاعت کے باوجود بھی محکمہ ہیلتھ جہلم کوئی عملی کارروائی کرنے سے قاصر ہے۔

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ محکمہ ہیلتھ کے بعض افسران سمیت ڈرگ انسپکٹر نے باقاعدہ منتھلیاں مقرر کر رکھی ہیں جس کی وجہ سے عوام کی آواز اور صحافیوں کا لکھنا بھی بے اثر ہو جاتا ہے بلکہ عطائی ڈاکٹر کھلے عام کہتے ہیں ہمارا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا جس کی وجہ سے موت کے سوداگر دھڑلے سے عوامی جانوں سے کھیل رہے ہیں۔

اکثر و بیشتر تو ہسپتالوں اور کلینکوں میں ہومیو پیتھک ڈاکٹروں نے ایلوپیتھک کی دوائیاں رکھی ہوئی ہیں اوروہ بھی زیادہ تر ایکسپائرڈ ہیں جن کے خلاف ڈرگ انسپکٹر ز بھی کارروائی نہیں کرتے کیونکہ وہ بھی اس مضموم دہندہ میں ان پرائیویٹ ہسپتالوں اور کلینکوں میں برابر کے حصے دار ہیں جس سے یہ مافیا عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مشغول ہے۔

دوسری طرف ضلعی ہیلتھ افسران نے پرائیویٹ ہسپتالوں کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے کہ ان پڑھ ڈاکٹر ایم بی بی ایس ڈاکٹروں کے فرضی ناموں کی فہرست کے بڑے بڑے بورڈ لگا کر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں حالانکہ چاہیے تو یہ تھا کہ محکمہ ہیلتھ کے اعلیٰ افسران پرائیویٹ ہسپتالوں کے لگائے جانے والے بڑے بڑے بورڈوں جن پر ایم بی بی ایس ڈاکٹروں کے نام درج ہوں ان کی تصدیق کریں کہ یہ ڈاکٹر آتے بھی ہیں یا کہ فرضی نام ہیں۔

بلکہ ہو یہ رہا ہے کہ پرائیویٹ ہسپتالوں میں موت کے سوداگر نیم حکیم ڈاکٹر خود ہی ایم بی بی ایس ڈاکٹر بنے ہوتے ہیں اور ایم بی بی ایس ڈاکٹروں جیسی فیس بھی وصول کرتے ہیں اور ادویات بھی غیر معیاری مریضوں کو دیتے ہیں جن سے اْن کی غلط تشخیص اور غیر معیاری ادویات کی وجہ سے کئی قیمتی جانیں بھی ضائع ہو چکی ہیں۔

علاقہ بھر کی سماجی شخصیات نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے مطالبہ کیا ہے کہ تحصیل پنڈدادنخان میں عطائی ڈاکٹروں کے قائم کردہ ہسپتالوں اور کلینک کی چھان بین کی جائے اور موت کے سوداگروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تا کہ عوام کی پریشانی دور ہو سکے۔

عوامی تنظیموں نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ تحصیل ہیڈ کوارٹر پنڈدادنخان ،رورل ہیلتھ جلالپور شریف اور تمام بیسک ہیلتھ یونٹوں میں ڈاکٹروں کی خالی سیٹوں پر ایم بی بی ایس ڈاکٹر بھجوائے جائیں اور ادویات بھی فراہم کی جائے تاکہ عوام کی پریشانی دور ہو سکے۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.