جہلم شہر کے گنجان آباد علاقے اپنے ناموں کی طرح شاداب نہ ہو سکے

0

جہلم: شہر کے گنجان آباد علاقے محلہ اسلام پورہ ، کریم پورہ، بلال ٹاؤن، کالا گجراں، مجاہد آباد، شمالی محلہ، جادہ اپنے ناموں کی طرح شاداب نہ ہو سکے، غلیظ پانی سڑکوں پر ، لٹکتی بجلی کی تاریں، ٹوٹی پھوٹی گلیاں ،ناکارہ سڑکیں مکینوں کی زندگیاں اجیرن ہوکر رہ گئیں۔ مکین شدید ذہنی و جسمانی کوفت میں مبتلا ، سہولیات کی عدم دستیابی کیوجہ سے شہری نقل مکانی کرنے پر مجبور ہیں۔

تفصیلات کے مطابق شہر کے گنجان آباد علاقوں جن میں محلہ اسلام پورہ ، کریم پورہ، بلال ٹاؤن، کالا گجراں ، مجاہد آباد، شمالی محلہ، جادہ ، روہتاس روڈ کے مکینوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شہر کے گنجان آباد علاقوں کی سٹرکیں، گلیاں پچھلے کئی سالوں سے ٹوٹ پھوٹ کا شکارہونے کے ساتھ ساتھ بنیادی سہولیات جن میں سوئی گیس ، پانی ، سیوریج کی سہولت سے محروم ہیں ، جس کیوجہ سے علاقہ مکین ذہنی تناؤ کا شکار ہو چکے ہیں ، گلیاں ، محلے صفائی ستھرائی نہ ہونے کے باعث بیماریوں میں گھر چکے ہیں۔

شہریوں نے کہا کہ گلیوں کی ٹوٹ پھوٹ کے باعث گھروں سے نکلنے والا گندا پانی گلیوں میں کھڑا ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے مچھروں کی افزائش میں غیر معمولی اضافہ ہو چکاہے، یہ گندا پانی نہ صرف گلی محلوں میں پھیل رہا ہے بلکہ علاقہ مکینوں کے مکانوں کی بنیادوں میں دھنس کر گھروں کی دیواریں کمزور کرنے کا سبب بن رہا ہے۔

شہریوں نے کہا کہ محلوں کی مسجدوں کے پاس بھی گندا پانی جمع رہتا ہے جس کی وجہ سے نمازیوں کو پانچ وقت نماز کی ادائیگی میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان علاقوں کی متعدد گلیاں برائے نام پختہ ہیں، سیوریج کی لائنیں ناقص حکمت عملی کے باعث بند ہونے سے سیوریج کا پانی بھی گلی محلوں میں جمع رہتاہے ،دوسری جانب بارشوں کے موسم میں شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

شہریوں نے ارباب اختیار سمیت ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اندرون شہر کے گلی محلوں کی سڑکوں ،گلیوں کو پختہ کرنے سوئی گیس سمیت سیوریج کی لائنیں بچھانے کے لئے فنڈز جاری کئے جائیں تاکہ آج کے ترقی یافتہ دور میں علاقہ مکین بنیادی سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.