جہلم شہر سمیت میں محلہ اسلام پورہ، شمالی محلہ، روہتاس روڈ، کھرالہ منشیات فروشی کا گڑھ بن گئے۔ جگہ جگہ منشیات فروشی کے اڈے، نوجوان نسل کا مستقبل اجاڑنے میں کوئی کسر باقی نہ رہی، سب جانتے ہوئے بھی متعلقہ پولیس کی خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر آبادی کے لحاظ سے لاکھوں نفوس پر مشتمل ہے، دوسری جانب جنرل بس اسٹینڈ، ریلوے اسٹیشن، نو لکھا اڈہ، ریلوے روڈ، جادہ، روہتاس روڈ، اسلام پورہ، کھرالہ، شمالی محلہ سمیت دیگر مقامات پر منشیات فروش جہاں پچھلے کئی سالوں سے سرعام منشیات فروشی کر رہے ہیں۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ناقص پالیسی و عدم دلچسپی کی وجہ سے مذکورہ علاقوں میں سرعام منشیات فروشی کا دھندہ عروج پر ہے یہاں کے علاقہ مکین اور کاروباری شخصیات سخت ذہنی کوفت کا شکار ہو چکے ہیں۔
اس حوالے سے مکینوں کا کہنا ہے کہ متعدد بار علاقہ پولیس کو اطلاع دینے کے باوجود کوئی ایکشن نہیں لیا جاتا، دوسرے علاقوں کے نشے کے عادی افراد اور منشیات فروش خریداری کے لیے مذکورہ علاقوں کا رخ کرتے ہیں، ہر بندے کو پتہ ہے کہ یہاں منشیات فروشی کا کاروبار ہوتا ہے، ہاں اگر نہیں پتہ تو صرف متعلقہ تھانوں کی معصوم پولیس کو نہیں پتہ۔
شہریوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جہلم کے مختلف علاقوں میں پولیس کی سرپرستی میں منشیات فروشی عروج پر پہنچ چکی ہے۔ آئس، پاؤڈر، چرس، افیون وافر مقدار میں فروخت کی جا رہی ہے۔
شہریوں نے ڈی پی او جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ علاقوں میں منشیات فروشوں کے خلاف آپریشن کروایا جائے تا کہ نوجوان نسل کو نشے کی لت سے بچایا جا سکے۔