جہلم: مہنگی ترین بجلی کی قیمتیں ادا کرنے والے صارفین کو مہنگے ڈیمانڈ نوٹسز کی رقم ادا ئیگی کے کئی ماہ گزرنے کے باوجود بھی نئے میٹر کی تنصیب نہ ہو سکی، واپڈ حکام کی بے حسی اور ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے بعد بھاری بلوں سے عوام کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے لیکن دوسری جانب نئے بجلی کے کنکشن ، ڈیڈ یا جلے ہوئے میٹرز کی جگہ نئے میٹر کی تنصیب ایک انتہائی سنگین اور تکلیف دہ صورتحال کا روپ دھار چکی ہے۔
کم و بیش تین ماہ سے زائد مدت قبل ڈیمانڈ نوٹسز کی رقوم کی ادائیگی کے باوجود نئے میٹرز کی تنصیب نہیں کی جا سکی، جس کی وجہ سے صارفین مسلسل اذیت کا شکار ہیں، نیا میٹر ناپید ہو چکے ہیں۔
صارفین نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بجلی چوری میں واپڈا افسران اور ملازمین شامل ہیں جب نئے میٹر نہیں لگائے جائیں گئے تو صارفین پیسے دے کر واپڈا ملازمین سے کنکشن لگوا لیتے ہیں، حکومت کو چاہئے کہ رشوت کے خاتمے کے لیے نئے میٹرز کی تنصیب شروع کرے تا کہ چور دروازے بند ہو سکیں۔