پنڈدادنخان: تحصیل پنڈدادنخان میں تحریک منہاج القرآن ٹوبھہ اور تحریک منہاج القرآن پننوال کے زیراہتمام منعقدہ 5 روزہ دروس عرفان القرآن اختتام پذیر ہوگئے۔
ماہ رمضان المبارک کے دوسرے عشرہ مغفرت میں ہزاروں خواتین و حضرات نے ادارہ منہاج القرآن کے مذہبی سکالرز کی طرف سے مختلف موضوعات پر کیے گئے خطابات سنے اور اپنے دلوں کو منور کیا، جمعۃ المبارک کے روز نماز فجر کے بعد شہدائے ٹوبھہ چوک میں علامہ پروفیسر صاحبزادہ ظہیر احمد نقشبندی قادری نے (کامیابی کے بنیادی تقاضے) کے موضوع پر خطاب کیا۔
اس کا اہتمام تحریک منہاج القرآن ٹوبھہ و صدر منہاج القرآن تحصیل پنڈدادنخان ملک مسعود احمد نے کیا اور دیگر ادوار میں علامہ صابر کمال وٹو نے (عظمت قرآن)علامہ محمد منہاج الدین قادری نے(رمضان اور تقوی) پروفیسر علامہ جمیل احمد زاہد نے (مصطفوی معاشرے کا قیام) اور علامہ غلام شبیر جامی نے (حضرت خدیجۃ الکبری سلام اللہ علیہا،سیدہ کائنات فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا اور مولائے کائنات مولا علی علیہ السلام) کے موضوع پر خطابات کیے۔
تحریک منہاج القرآن پننوال و ذوالفقار علی چشتی کے زیراہتمام آخری درس عرفان القرآن علامہ احسان رضوی نے دیا جس کا موضوع عظمت قرآن تھا اس پانچ روزہ دروس عرفان القرآن میں علامہ محمد ادریس قادری، علامہ محمد فیاض بشیر قادری، علامہ ثناء اللہ ربانی اور علامہ رانا نفیس قادری نے مختلف موضوعات پر خطاب کیے۔ ہر روز تقریب کے آخر میں ادارہ منہاج القرآن کی تاحیات رفاقت حاصل کرنے والوں میں مذہبی سکالرز نے اسناد تقسیم کیں۔
تقریب کے آخری دن تحریک منہاج القرآن ٹوبھہ کی جانب سے علامہ پروفیسر صاحبزادہ ظہیر احمد نقشبندی قادری نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی لکھی ہوئی کتب (قرآنی فلسفہ انقلاب) سماجی شخصیت ملک ظہیر اعوان اور سماجی شخصیت صوبیدار یاسین جنجوعہ کو پیش کیں، اس موقع پر اعلی تنظیمی خدمات پر ویمن لیگ کی عہدیدار رابعہ بصری اور منہاج القرآن یوتھ لیگ ضلع جہلم کے صدر سلطان احمد سروری قادری کو بھی خصوصی شیلڈز دی گئیں۔
تقریب میں الحاج چوہدری عبدالغفور صدر پاکستان عوامی تحریک ضلع جہلم حاجی محمد اصغر چوہدری امیر تحریک منہاج القرآن تحصیل پنڈدادنخان، حاجی چودھری عزیزالرحمٰن غریب وال گڈز ٹرانسپورٹرز،حاجی محمد اسلم منہاج شاپ والے و دیگر تھے۔