جہلم: محکمہ جنگلات، میونسپل کمیٹی اور ضلعی انتظامیہ کی غفلت کے باعث شہرکو خوبصورت بنانے کے حوالے سے لگائے گئے پودے مرجھانے لگے۔ انتظامیہ آوارہ مویشیوں پر بھی قابو نہ پاسکی، لاکھوں، کروڑوں روپے ضائع ہونے کا اندیشہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب نے جہلم شہر کو خوبصورت بنانے کیلئے لاکھوں روپے کی لاگت سے اندرون شہر اور جی ٹی روڈ پر پودے لگائے تاکہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے ساتھ ساتھ شہر کو سرسبز و شاداب بنایا جاسکے۔
محکمہ جنگلات، میونسپل کمیٹی اور ضلعی انتظامیہ کی عدم توجہی، غفلت اور لاپرواہی کے باعث اندرون شہر اور جی ٹی روڈ پر لگائے گئے پودوں کی کونپلیں بھی نہ نکل سکیں، عدم توجہی کے باعث 80فیصد سے زائد پودے مرجھا چکے ہیں۔
میونسپل کمیٹی کی عدم توجہی کی وجہ سے اندرون شہر کی سڑکوں پر مٹر گشت کرنے والے میویشیوں پر بھی قابو نہیں پایا جا سکا، جس کی وجہ سے سڑکوں پر مویشی پودوں کو خوراک کے طور پر استعمال کرتے دکھائی دیتے ہیں، مناسب دیکھ بھال کے نہ ہونے کی وجہ سے شجر کاری مہم پر خرچ کیے گئے قومی خزانے کے لاکھوں، کروڑوں روپے ضائع ہونے کا خدشہ بڑھ چکا ہے۔
شہر کی مختلف سماجی، رفاعی، فلاحی، شہری تنظیموں کے عمائدین نے وزیراعلیٰ پنجاب، کمشنر راولپنڈی سے مطالبہ کیا ہے کہ پودوں کی نگہداشت کے لئے روزانہ کی بنیاد پر پودوں کو پانی فراہم کیا جائے اور پودوں کو محفوظ بنانے کے لئے آوارہ پالتو مویشیوں کو سرکاری پھاٹک میں بند کیا جائے اورمویشیوں کے مالکان سے بھاری جرمانے کی وصولی کے بعد مویشی اصل مالکان کے حوالے کئے جائیں تاکہ شہر کو خوبصورت اور سرسبز و شاداب بنایا جا سکے۔