جہلم: حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرے اور آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کے لیے بڑے اضافے کا اعلان کرے، موجودہ مہنگائی میں گزارا کرنے کے لیے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کم از کم 80 فی صد اضافے کااعلان ضروری ہے۔
ان خیالات کا اظہارپنجاب ایجوکیٹرز ایسوسی ایشن جہلم کے ضلعی صدر احسان الٰہی شاکر نے اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کا مہنگائی پر بالکل بھی کنٹرول نہیں ہے۔ روز مرہ ضرورت کی بنیادی اشیا کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے عام آدمی کا گھریلو بجٹ بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔خاص طور پر چھوٹے سکیل کے سرکاری ملازمین مہینے کے آخر پر ادھار مانگنے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت آئندہ مالی سال کے بجٹ میں چھوٹے سکیل کے ملازمین کے لیے تنخواہوں میں 100 فی صد اور بڑے سکیل کے ملازمین اور افسران کے لیے کم از کم 80 فی صد اضافے کا اعلان کرے تو اس بے تحاشا مہنگائی کا کسی حد تک مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔
اس موقع پران کے ساتھ اظہر سلطان ملک، مبشر عباس شاہد، محمد رفیع راجپوت، شاہد سکندر مرزا، وقار کاظمی، انزک محمود، کامران یوسف، سعید اختر، محمد ذکریا، حسنین شاہ، اختر محمود اور محمد قاسم بھی موجود تھے۔