جہلم شہر سمیت ملحقہ علاقوں میں سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث گھریلو سلنڈرز مہنگے ہونے سے صارفین پریشان، صارفین کھانا ہوٹلوں سے خریدنے پر مجبور، صارفین کا گھریلو بجٹ شدید متاثر ہونے لگا۔
تفصیلات کے مطابق شدید گرمی میں اضافے کے باوجود سوئی نادرن گیس کی جانب سے گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہو گیا ہے۔ شہری علاقوں میں کئی کئی گھنٹے گیس بند کردی جاتی ہے جبکہ بعض علاقوں میں گیس کا پریشر نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے، جس کی وجہ سے گھریلو خواتین کو امور خانہ داری انجام دینے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
صارفین کا کہنا ہے کہ صبح ناشتے کے اوقات سے لیکر رات کے کھانے تک ہوٹلوں اور تندوروں پر لائنوں میں کھڑے ہونے پر مجبور ہیں جس سے گھریلو بجٹ بھی متاثر ہو رہا ہے۔ رہی سہی کسر ایل پی جی سلنڈرز مافیا نے پوری کر دی ہے، نرخوں میں کئی گنا اضافہ کر دیا گیا ہے۔
شہریوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صورتحال کا نوٹس لیں اور گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔