جہلم: شہریوں کو فرد، انتقال اور محکمہ مال سے متعلقہ تمام معاملات میں سہولت فراہم کی جائے، دیہی مراکز مال کو فوری طور پر فعال کرکے تمام ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کیا جائے، شہریوں کو سہولت نہ دینے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
یہ بات کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ نے دورہ جہلم کے دوران آفس ڈپٹی کمشنر میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں چاروں تحصیلوں سے اسسٹنٹ کمشنر، تحصیلداروں، پٹواریوں، انچارج کمپیوٹرائزڈ لینڈ ریکارڈ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو حسان طارق نے کمشنر کو محکمہ مال کی کارکردگی، ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنے، دیہی مراکز مال کے قیام، جمع بندیوں کو اپ ڈیٹ کرنے بارے تفصیلی بریفنگ دی۔
کمشنر راولپنڈی نے محکمہ ریونیو کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تمام مینول ریکارڈ کو ایک ماہ کمپیوٹرائزڈ کرنے کی ہدایات جاری کیں۔