دینہ: وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف کا دورہ دینہ منسوخ، تمام تر انتظامات دھرے کے دھرے رہ گئے، تمام محکمے ہائی الرٹ رہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے پیر کو دینہ ہاکی گراؤنڈ میں قائم مفت آٹا کے پوائنٹس کا دورہ کرنا تھا جس سلسلے میں انتظامیہ نے تمام تر انتظامات مکمل کر رکھے تھے چک اکا دینہ کرکٹ اسٹیڈیم میں ہیلی پیڈ تیار کیا گیا تھا۔
ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ناصر محمود باجوہ بھی ہاکی گراؤنڈ دینہ میں آمد کے حوالے سے موجود تھے مگر اچانک ناگزیر وجوہات کی بناء پر دورہ دینہ منسوخ کر دیا گیا، جس کے بعد ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ناصر محمود باجوہ واپس روانہ ہو گئے۔
وزیر اعظم میاں شہباز شریف کی آمد کے حوالے سے سیکیورٹی کے بھی سخت ترین انتظامات کیے گئے تھے اور تمام تر محکمے ہائی الرٹ رہے۔