پنڈدادنخان: دھریالہ پولیس کی منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصرکے خلاف کارروائیاں تیز، 3 ملزمان منشیات اور اسلحہ سمیت گرفتار، پولیس نے مقدمات درج کر لئے۔
تفصیلات کے مطابق انچار ج دھریالہ پولیس چوکی انچارج عثمان تصدق نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف گھیرا مزید تنگ کردیا۔ دوران گشت مختلف کارروائیوں میں دو منشیات فروشوں کو 1700گرام سے زائد چرس اور 20 لیٹر دیسی شراب سمیت گرفتار کر لیا جبکہ ناجائز اسلحہ رکھنے والے ملزم کو تیس بور پسٹل بمعہ راؤند دھرلیا۔
پولیس نے منشیات فروشوں اور ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
اس حوالہ سے سب انسپکٹر عثمان تصدق نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منشیا ت فروش معاشرے کا ناسور ہیں اور نوجوان نسل کے مستقبل اور زندگی کی تباہی کا سبب ہیں، منشیات فروشوں کے لیے کسی قسم کی کوئی گنجائش نہیں بلکہ ان کی سفارش کرنے والوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔