کھیوڑہ سالٹ رینج میں حادثات روز کا معمول بن گئے، کھیوڑہ چوآسیدن شاہ پہاڑی ایریا میں ٹرک کھائی میں جا گرا، ایک شخص جاں بحق، ایک شدید زخمی، زخمی اور میت کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کھیوڑہ سے چوآسیدن شاہ روڈ خطرناک پہاڑی ایریا میں ٹرک کھائی میں گر گیا، حادثہ میں 22 سالہ حماد مسعود ولد مسعود سکنہ ملیار پنڈدادنخان جاں بحق اور 23 سالہ خرم شہزاد ولد منیر احمد شدید زخمی ہو گیا۔
ریسکیو1122کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر ڈیڈ باڈی اور زخمی کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پنڈدادنخان شفٹ کر دیا۔ ٹرک گہری کھائی میں گرنے سے امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، وادی توبر کھیوڑہ کے پہاڑی سلسلے میں حفاظتی انتظامات نہ ہونے سے حادثات روز کا معمول بن چکے ہیں۔
چند ماہ قبل اسی مقام پر حادثے کے نتیجے میں نوبیاہتا جوڑے سمیت 8 افراد جاں کی بازی ہار گئے تھے۔ عوامی سماجی حلقوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ پہاڑی ایریا پر حفاظتی دیوریں بنوائی جائیں اور اوور لوڈنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں کی جائیں تاکہ حادثات میں کمی آسکے۔