ملک بھر کی طرح جہلم میں بھی 6 ستمبر یوم دفاع پاکستان جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا

0

جہلم: ملک بھر کی طرح جہلم میں بھی 6 ستمبر یوم دفاع پاکستان روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا جس کی مرکزی تقریب میجر اکرم شہید پارک میں منعقد ہوئی، اعلی فوجی اور سول افسران نے میجر اکرم شہید کی یادگار پر سلامی دی۔

میجر اکرم شہید پارک میں منعقدہ اس تقریب میں میجر جنرل ندیم اشرف، ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق، ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ، اعلی فوجی و سول افسران، میجر اکرم شہید کے اہلخانہ سمیت دیگر شہدائے پاک فوج کے اہلخانہ اور سماجی و سیاسی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب میں میجر اکرم شہید نشان حیدر کی یادگار پر خصوصی سلامی پیش کی گئی اور پھول چڑھائے گئے۔ معزز مہمانوں نے یادگار میجر محمد اکرم شہید (نشان حیدر) پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہید کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔

ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر) سمیع اللہ فاروق نے یوم دفاع کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم دفاع ہماری ملکی تاریخ کا یوم فخر ہے جب پوری قوم نے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ جذبہ حب الوطنی کا ایسا شاندارمظاہرہ کیا جو دشمن کو رہتی دنیا تک یاد رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی ملک پاکستان کے چپے چپے کی حفاظت کیلئے ہر فرد تیار ہے اور ملک کے امن دشمن عناصر کو ہمیشہ کی طرح شکست سے دوچار ہونا پڑے گا آج کا دن ان عظیم شہدا کی قربانیوں کوسلام پیش کرنے کادن ہے جنہوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے ملک کی سلامتی کو یقینی بنایا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پاک وطن کے چپے چپے کی حفاظت کے جذبہ اور عزم کوبیدار رکھنے کیلئے یوم دفاع جیسے دن ہمیں اپنی عظیم تاریخ سے روشناس کرواتے ہیں جب پاک فوج کیساتھ ماو ں بہنوں اور بیٹوں نے مل کر اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو ناکوں چنے چبوائے۔

انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنے بچوں کو اس ملک کی اہمیت، اس کی حفاظت کرنے والے عظیم جانبازوں اور اس کے روشن مستقبل کے بارے آگاہی دیں۔

دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہداء پاکستان ہمارے ہیرو ہیں جن کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، 6 ستمبر کا دن ہمیں بحیثیت قوم دشمن کے بزدلانہ حملے اور ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کی یاد دلاتا ہے۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.