جہلم: محنت کشوں کی تنظیم انتہائی پرامن تنظیم ہے ،جس کے ملازمین افسروں کی ظلم ذیادتی برداشت کرتے ہیں لیکن اس کے باوجود تنظیم ادارے کی عزت کی خاطر سب کچھ برداشت کرتی چلی آرہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار پنجاب پی ڈبلیو ڈی ایمپلائز یونین کے ذونل چیئرمین حافظ محمد یاسین نے اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب محنت کش مزید جبر و ظلم برداشت نہیں کرے گی کیونکہ ایس ڈی او بلڈنگز پنڈدادنخان کے پاس عارضی چارج تھا جو کہ ختم ہو چکا ہے لیکن اس کے باوجود غریب ملازمین کو سرکاری کام کیلئے نہیں بلکہ ذاتی خوشامد کیلئے بلا وجہ تنگ کرنا ایس ڈی او اپنا قانونی حق سمجھتا ہے، ایس ڈی او غریب ملازمین کو ہراساں کرنا بند کرے ورنہ محنت کشوں کا ریلا ایس ڈی او کو بہا کر لے جائے گا۔
حافظ محمد یٰسین نے مزید کہا کہ محنت کش حکومت پنجاب کے ملازم ہیں کسی ملازم کے ساتھ بدتمیزی یا زیادتی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، ملازمین ملک اور ادارے کی بہتری اور نیک نامی کے لیے دن بھرمشقت کرتے ہیں تاکہ رزق حلال کما کر اپنے بچوں کی کفالت کریں۔
انہوں نے کہا کہ افسران ہوش کے ناخن لیں ورنہ ضلع بھر کے محنت کش ایس ڈی او کے دفتر کے باہر دھرنا دیں گے، نقصان کی صورت میں تمام تر ذمہ داری ایس ڈی او پر عائد ہوگی۔