پنڈدادنخان: ریسکیو 1122 کے سینٹر کی دھریالہ جالپ سے منتقلی، اہل علاقہ سراپا احتجاج، ریسکیو پوائنٹ کے قیام سے قبضہ گروپ میں کھلبلی مچ گئی، بااثر مافیا مقامی سیاستدانوں کے ساتھ ملکر اس پوائنٹ کو تبدیل کروانا چاہتے ہیں، 2016 مفید عامہ کی جگہ پر عرصہ دراز سے ناجائز قبضہ ہے، ثابت ہونے کے باوجود جگہ پر بااثر افراد قابض ہیں انتظامیہ جگہ واگزار کرواکے جگہ پولیس چوکی اور ریسکیو پوائنٹ کے لیے دی جائے۔ عوامی مطالبہ
تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب نے تحصیل پنڈدادنخان کی عوام کے پرزور اسرار پر علاقہ جالپ کے مشہور کاروباری مرکز اور علاقہ کے سینٹر دھریالہ جالپ میں ریسکیو 1122 کے پوائنٹ کے قیام کی منظوری دی گئی تھی، جس سے تقریبا سات سے زائد یونین کونسل کے لوگ مستفید ہو سکتے ہیں مگر دھریالہ جالپ کے قبضہ گروپ کے دباؤ پر با اثر سیاستدان اس پوائنٹ کو تبدیل کروانے کے لیے سرگرم ہیں۔
ریسکیو 1122 کے لیے مقرر کی گئی جگہ مفید عام ہے اور مین سڑک پر ہونے کی وجہ سے اس کی مالیت کروڑوں میں ہے۔ دھریالہ جالپ کا قبضہ گروپ ایک عرصہ سے اسے ہڑپ کرنے کی کوشش میں لگا ہوا ہے۔ ریسکیو پوائنٹ کے قیام سے قبضہ گروپ کو یہ سونے کی چڑیا ہاتھوں سے نکلتی محسوس ہو رہی ہے جس کی وجہ سے وہ مقامی سیاستدانوں کے ساتھ ملکر اس پوائنٹ کو تبدیل کروانا چاہتے ہیں۔
اہلیان علاقہ نے ایسی کسی بھی صورتحال کی صورت میں متفقہ طور پر غیر معینہ مدت کے لیے پہیہ جام ہڑتال کا فیصلہ کر لیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ انتظامیہ خسرہ نمبر 2016کو واگزار کروا کے آدھی جگہ پولیس چوکی جوکہ کرائے کی بلڈنگ میں علاقہ سے باہر واقع ہے کو دی جائے اور ڈی سی جہلم سے اپیل کی ہے کہ اس پوائنٹ کو دھریالہ جالپ میں ہی بنایا جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ متنازع جگہ پر دو دکانیں بنا کر محکمہ مال کی ملی بھگت سے جعلسازی سے فروخت کر دی گئی ہیں۔