صحافیوں کے حقوق کا تحفظ اور انکے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ شہباز بٹ، چوہدری عابد محمود
جہلم: صحافیوں کے حقوق کا تحفظ اور ان کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے گا، صحافیوں کیلئے ہاؤسنگ سکیم سمیت دیگر مراعات پر بھی سوچ وچار جاری ہے ۔ جہلم پریس کلب کاممبر بننے کا وہی اہل ہوگا جو جہلم پریس کلب کے طے شدہ ضابطوں ، قوانین پر پور اترے گا۔
ان خیالات کا اظہار صدر جہلم پریس کلب محمد شہباز بٹ، صدر الیکٹرانک میڈیا چوہدری عابد محمود نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ جہلم پریس کلب کے صحافی شدید گرمی اور سردی کے موسم میں بنیادی سہولیات نہ ہونے کے باجود اپنے فرائض کی ادائیگی احسن انداز میں کرتے ہوئے عوامی مسائل کو اجاگر کر کے اقتدار کے ایوانوں تک پہنچاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جہلم پریس کلب کا آئین موجود ہے نئے ممبران کو آئین کے مطابق ووٹ کا حق ملے گا، نئے ممبرشپ لینے والے ممبران کو چاہیے کہ وہ آئین کا مطالعہ کریں تاکہ انہیں آگاہی حاصل ہو سکے کہ پریس کلب کا آئین کیا کہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جہلم پریس کلب میں پی ڈی ایف اور سوشل میڈیا کے ایکٹویسٹ کو اعزازی ممبر شپ تو دی جاسکتی ہے لیکن ووٹ کا حق نہیں دیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پریس کلب کے اندر سکروٹنی کمیٹی موجود ہے جو ہر قسم کی تحقیقات کے بعد ممبران کو ووٹ کا حق دیتی ہے ۔