جہلم: شہرسمیت ضلع بھر میں رمضان آرڈیننس کی سرعام خلاف وزریاں جاری، روزہ خور سارا دن ہوٹلوں میں گھس کر لنگر پانی کرتے دکھائی دینے لگے۔
تفصیلات کے مطابق شہر سمیت ضلع بھر میں رمضان آرڈیننس کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں، شہر میں ریلوے اسٹیشن، جنرل بس اسٹینڈ، سول ہسپتال میں قائم ہونے والے ہوٹلوں، کینٹینوں اور جی ٹی روڈ پر موجود ہوٹلوں میں سارا دن روزہ خور ماہِ رمضان کا تقدس پامال کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے روزہ خوروں کے خلاف کارروائیاں کرنے کی بجائے مکمل خاموشی اختیار کررکھی ہے، روزہ خور انتہائی دیدہ دلیری کے ساتھ ہوٹلوں میں گھس کر سرعام لنگر پانی کرتے، سگریٹ کے کش لگاتے دکھائی دیتے ہیں، اس طرح روزہ خور رمضان آرڈیننس کی خلاف ورزیاں کر تے دکھائی دیتے ہیں۔
شہر کی سماجی، رفاعی، فلاحی، مذہبی، شہری تنظیموں کے عمائدین نے کمشنر راولپنڈی ، ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ اندرون شہر سمیت ضلع بھر میں ماہِ رمضان کا تقدس پامال کرنے والے ہوٹلز مالکان، کینٹین مالکان اور دن کے اوقات میں سموسے پکوڑے فروخت کرنے والے دکانداروں کے خلاف رمضان آرڈیننس کے تحت مقدمات درج کرکے سخت قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں تاکہ ماہِ صیام کا تقدس پامال ہونے سے بچایا جا سکے۔