جہلم: پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی جنرل سیکرٹری چوہدری فراز حسین نے کہا ہے کہ آمدہ عام انتخابات میں پی ڈی ایم کا مکمل صفایا ہو جائے گا، انہیں عوام کی شدید نفرت کا سامنا کرنا پڑے گا، قوم نے انہیں چند ماہ میں جس طرح جھیلا ہے وہ بھی بھلایا نہیں جا سکتا۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی واضح شکست نوشتہ دیوار پر تحریر ہو چکی ہے یہی وجہ ہے کہ امپورٹڈ حکمران عام انتخابات کے فوری انعقاد سے بھاگتے دکھائی دیتے ہیں اور عوام یہ اصولی مطالبہ تسلیم کرنے کو تیار نہیں۔
چوہدری فراز حسین نے کہا کہ کرپٹ حکمرانوں نے پچھلے 8 ماہ میں عوام پر جو مظالم ڈھائے، اب یہ لوگ عوام کی عدالت میں جانے سے راہ فرار اختیار کر رہے ہیں تحریک انصاف چاہتی ہے فوری اور شفاف انتخابات ہوں تا کہ عوامی حکومت قائم ہو۔ پی ٹی آئی کی تحریک الیکشن کراؤ ملک بچاؤ کا دائرہ کا ر ضلع جہلم سمیت ملک بھر میں پھیلایا جا رہا ہے عمران خان عوام کو اس امپورٹڈ حکومت کی سزا مزید نہیں بھگتنے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ معاشی بدحالی واضح دکھائی دے رہی ہے قرضوں کا بوجھ مسلسل بڑھ رہا ہے اور ملک ڈیفالٹ ہونے کے قریب ہے موجودہ حکومت حالات پر قابو پانے میں ناکام ثابت ہوئی ہے اگر فوری چھٹکارا حاصل نہ کیا گیا تو حالات مزید بد سے بدتر ہو جائیں گے۔