جہلم: حکومت پنجاب کی جانب سے سخت پابندی کے باوجود ضلع بھر میں ایل پی جی کی غیر قانونی ری فلنگ کا دھندہ جاری، گنجان آباد علاقوں سمیت مضافاتی علاقوں میں ایل پی جی کی ریفلنگ کے دھندے سے مکین سراپا احتجاج، بڑے نقصان کا خدشہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی چاروں تحصیلوں کے شہری اور مضافاتی علاقوں سمیت دیہی سطح پر حکومتی پابندی کے باوجود ایل پی جی کی غیر قانونی ری فلنگ کی جارہی ہے، ایل پی جی کی غیر قانونی ری فلنگ کی وجہ سے شہر ی عدم تحفظ کا شکار ہو چکے ہیں۔
ایل پی جی کی ری فلنگ کے دوران گزشتہ ماہ بھی خطرناک حادثہ رونما ہوا جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 10 افراد ذخمی ہو گئے، گنجان آبادیوں اور مضافاتی علاقوں کے اندر اتنا بڑا حادثہ ہونے کے باوجود سول ڈیفنس کے عملے کی سرپرستی میں مکرو ہ دھندہ دیدہ دلیری کے ساتھ جاری ہے جس کی وجہ سے مکین عدم تحفظ کا شکار ہو رہے ہیں۔
جہلم شہر اور دیہاتی علاقوں میں آج بھی ایل پی جی کی ری فلنگ کا کاروبار جا رہی ہے۔ ایل پی جی کی ری فلنگ میں غیر معیاری سلنڈر بھی فروخت کئے جاتے ہیں، جن کی ری فلنگ کے دوران حادثات رونما ہو جاتے ہے۔
سول ڈیفنس کے ذمہ داران نے ایل پی جی ری فلنگ کرنے والوں کے ساتھ اور پٹرول فروخت کرنے والوں کے ساتھ معاملات طے کر رکھیں ہیں، اس طرح ری فلنگ کرنے والے افراد نے وٹس ایپ گروپ تشکیل دے رکھے ہیں، کسی بھی قسم کی کارروائی سے قبل وٹس ایپ گروپ میں سول ڈیفنس کی جانب سے پیشگی اطلاع کر دی جاتی ہے۔
اس طرح ایل پی جی فروخت کرنے والے افراد جہاں گیس ری فلنگ کی جاتی ہے کو تالہ لگا کر بند کر دیتے ہیں اور سول ڈیفنس کا عملہ افسران کو مطمین کر کے واپس بھجوا دیتے ہیں۔