جہلم: ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹرشعیب کیانی نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے جاری کئے گئے صحت کارڈ ایک احسن اقدام ہے اس حوالے سے ہسپتال آنے والے مریضوں کو صحت کی بہتر ین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
جہلم پریس کلب کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹرشعیب کیانی نے کہا کہ شہریوں کو آگاہی دینے کی ضرورت ہے کہ وہ اپنے بچوں کے ’’ب‘‘ فارم وقت پر بنوائیں کیونکہ صحت کارڈ جب استعمال کیا جاتا ہے تو وہ نادر سے تصدیق کروانا پڑتا ہے جہاں پر اگر ب فارم نہ بنا ہواہو تو شہری مشکل میں پڑ جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شناختی کارڈ تو بنا ہوتا ہے لیکن بیوی بچوں کا ریکارڈ نہ ہو تو مسائل پیدا ہوتے ہیں، بچوں کے وارڈ میں اس وقت درجنوں بیڈز موجود ہیں جن کو طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہے۔ صحت کارڈ کے ذریعے درجنوں مریض داخل کئے جاتے ہیں، مختلف ٹیسٹ بھی ہوتے ہیں۔
ڈاکٹر شعیب کیانی نے کہا کہ بچوں کے وارڈز میں درجنوں بچے داخل ہیں جن کا علاج معالجہ کیا جارہاہے سٹاف بھی 24 گھنٹے مختلف شفٹوں میں ڈیوٹیاں سر انجام دے رہاہے، ایمر جنسی میں علاج معالجہ کی تمام سہولیات میسر ہیں، ہسپتال آنے والے تمام مریضوں اور ان کے لواحقین کو بہتر سے بہتر سہولتیں فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔