جہلم میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر سستا آٹا، گھی اور آئل نایاب، غریب آدمی پریشان، ہوشربا مہنگائی ہونے کے باوجود یوٹیلیٹی اسٹورز پر سستی اشیاء کی فراہمی روک دی گئی، حکومت ہمیں اور کتنا ذلیل کرنا چاہتی ہے، شہری پھٹ پڑے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے ہوشربا مہنگائی کر کے یوٹیلیٹی اسٹورز پر بھی سستے آٹے گھی اور آئل کی فراہمی روک دی۔ غریب آدمی دو ماہ سے سستی اشیاء کی خریداری کے لیے پریشان ہے۔ آٹا، گھی اور سستی اشیاء کی قیمتوں میں بھی مزید اضافہ کر دیا گیا لیکن اس کے باوجود آٹا اور گھی یوٹیلیٹی اسٹور پر دستیاب نہیں۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ حکومت ہمیں اور کتنا ذلیل کرے گی، یوٹیلیٹی اسٹور پر بھی کئی اشیاء کی قیمتوں میں مزید اضافہ کر کے حکومت نے عام آدمی کی زندگی کو اجیرن بنا دیا جبکہ یوٹیلیٹی اسٹور پر کئی اشیاء کی فراہمی کو بھی روک دیا۔
انہوں نے کہا کہ سستا آٹا اتنی کم تعداد میں آتا ہے کہ ایک گھنٹہ میں ہی آٹا ختم بھی ہوجاتا ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ اس ہوشربا مہنگائی میں کم از کم یوٹیلیٹی اسٹور پر تو قیمتوں میں اضافہ نہ کرتی اور ایک عام آدمی کی زندگی کی مشکلات کو نہ بڑھاتی۔
شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کم از کم ایک غریب آدمی کی مشکلات کو تو مدنظر رکھا جائے اور یوٹیلیٹی اسٹور پر ضرورت اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ نہ کیا جائے تاکہ ایک عام آدمی بھی اپنے بچوں کو دو وقت کی روٹی کھلا سکے۔