جہلم: ایف آئی اے انٹرپول پاکستان نے ابوظہبی سے سنگین جرائم میں مطلوب اشتہاری ملزم کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزم جہلم پولیس کو مطلوب تھا۔
اشتہاری ملزم تصور حسین کو ابوظہبی سے گرفتار کرکے فیصل آباد ایئرپورٹ منتقل کردیا گیا، ملزم کےخلاف جہلم کے تھانہ چوٹالہ میں قتل اور اقدام قتل کا مقدمہ درج تھا۔
6 سال قبل اشتہاری ملزم تصور حسین نے جہلم کے تھانہ چوٹالہ کے علاقہ میں ساتھیوں کے ساتھ مل کر ثقلین نامی شہری کو فائرنگ کر کےقتل جبکہ خالد حسین کو زخمی کر دیا تھاجو بعد ازاں گرفتاری سے بچنے کے لئے بیرون ملک فرار ہو گیا تھا۔
ملزم کی حوالگی انٹرپول اسلام آباد کی انٹرپول ابوظہبی کے ساتھ قریبی رابطہ کاری کی وجہ سے ممکن ہوئی۔
ایف آئی اے این سی انٹرپول پاکستان نے ملزم کی گرفتاری کے لئے ریڈ نوٹس جاری کیا تھا۔ بعد ازاں ایف آئی اے فیصل آباد سرکل نے ملزم کو تھانہ چوٹالہ پولیس کے حوالے کردیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری، ایف آئی اے اور انٹرپول کی مدد سے قتل کے مقدمہ میں جہلم پولیس کو مطلوب خطرناک اشتہاری متحدہ عرب امارات سے گرفتار۔ اب تک بیرون ملک سے گرفتار ہونیوالے اشتہاری ملزموں کی تعداد 114 ہوگئی۔… pic.twitter.com/J6NB8M6W2F
— Punjab Police Official (@OfficialDPRPP) September 7, 2023
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ این سی بی انٹرپول پاکستان بیرون ملک فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دے رہا ہے، انتہائی مطلوب ملزمان کی گرفتاری اور بروقت حوالگی کے لیے این سی بی انٹرپول پاکستان ہمہ وقت کوشاں ہے۔
اس حوالے سے ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ کا کہنا تھا کہ سنگین نوعیت کے مقدمات میں مطلوب مجرمان کی گرفتاری کے لئے تمام وسائل بروے کار لائے جا رہے ہیں۔