جہلم: پٹواریوں کے منشیوں نے پٹوار خانوں کا چارج سنبھال لیا، درستگی نام، وراثت ،ھبہ اور انتقال کیلئے بھاری فیسیز لیکر سائلین کا استحصال کرنے میں مصروف ہیں۔
سائلین کے مطابق ہائی کورٹ کے حکم کے بعد پٹواریوں کے دفاتر میں منشی رکھنے پر پابندی عائد ہے مگر جہلم شہر سمیت ضلع بھر کے مختلف پٹوار خانوں میں پٹواری عدالتی احکامات کی مسلسل دھجیاں اڑارہے ہیں ۔
پٹواریوں نے بدستور پٹوار خانوں کو منشیوں کے حوالے کر رکھا ہے جو سائلین سے انتقال ، درستگی نام اور گرداوری کی بابت لین دین کے معاملات پٹواریوں کے دفاتر میں سر عام کرتے دکھائی دیتے ہیں ۔ بعض منشیوں و ٹاؤٹوں نے اراضی ریکارڈ سنٹر کابھی رخ کر رکھا ہے جو علی الصبح دفاتر کے گرد چکر لگانے شروع کر دیتے ہیں اور دور دراز سے انتقالات کروانے کیلئے آنے والے سائلین سے رابطے کر کے سرکاری فیسیز کے علاوہ کلر کوں سے ساز باز ہو کرافسران کے نام پر بھاری رقوم وصول کر کے سادہ لوح سائلین کا استحصال کر تے دکھائی دیتے ہیں۔
سائلین نے کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ ہے کہ پٹوار خانوں میں پٹواریوں کے منشیوں پٹوار خانے اور اراضی ریکارڈ سینٹرز کے باہر منڈلانے والے ٹاؤٹوں کو سرکاری دفاتر سے دور رکھا جائے، خلاف ورزی کی صورت میں فوجداری مقدمات درج کروائے جائیں تاکہ کرپشن کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔