پڑی درویزہ: اگر پاکستان پیپلز پارٹی کو عوام نے خدمت کا موقع دیا تو تحصیل سوہاوہ کو گیس اور پانی کی سہولت فراہم کرنے کی یقین دلاتے ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی پاکستان پیپلز پارٹی ضلع جہلم کے جنرل سیکریٹری مرزا عبدالغفار سے راجہ سفیر اکبر کی رہائش گاہ پرخصوصی گفتگو۔
تفصیلات کے مطابق یوم دفاع پاکستان کے موقع پرنجی شعبہ کے تحت قائم کیڈٹ کالج سوہاوہ میں منعقدہ تقریب کے موقع پر سابق وزیر اعظم پاکستان، سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان پیپلز پارٹی ضلع جہلم کے جنرل سیکریٹری، امیدوار برائے ایم پی اے پی پی 25 مرزا عبدالغفار سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے یقین دلایا کہ اگر آمدہ الیکشن میں عوام نے پاکستان پیپلز پارٹی کو خدمت کا موقع دیا تو پوری تحصیل سوہاوہ کی تمام آبادیوں کو گیس اور پانی کی سہولت فراہم کرنے کو ہر ممکن ترجیح دی جائے گی۔
راجہ پرویز اشرف یوم دفاع پاکستان کے موقع پر کیڈٹ کالج سوہاوہ میں منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شامل تھے، تقریب کے بعد پیپلز پارٹی کے کارکنان سے مختصر خطاب بھی کیا۔
اس موقع پر پی پی پی ضلع جہلم کے جنرل سیکریٹری مرزا عبدالغفار سے ذاتی گفتگو کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے یقین دلایا کہ ان کے گھر کا عقب تحصیل سوہاوہ کی حدود میں واقع ہے جبکہ صحن تحصیل گوجرخان میں ہے، اس لئے بطور ہمسایہ تحصیل سوہاوہ کے عوام کے مسائل ان کے اپنے مسائل ہیں۔
انہوں نے یقین دلایا کہ اگر علاقہ کے عوام نے پی پی پی کے امیدواران کو خدمت کا موقع دیاتو وہ دن دور نہیں رہے گا کہ تحصیل سوہاوہ کے ہر گھر میں گیس اور پانی کی سہولت میسر ہو گی۔