جہلم: موسم گرما میں دل کے مرض میں مبتلا مریض ہوٹلوں بیکریوں اور سڑک پر لگائے گئے سموسے، پکوڑے، برگر و دیگر اشیاء استعمال کرنے سے پر ہیز کریں کیونکہ ایسی چیزوں کے استعمال سے مریضوں کی صحت کو مزید نقصان پہنچتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے شعبہ سی سی یو کے انچارج ڈاکٹر جواد بخت کیانی نے اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بازار سے کھانا استعمال کرنے کی بجائے گھر میں سادہ کھانے استعمال کریں۔ سبزیاں ، فروٹ کے استعمال سے مریضوں کو سکون ملتا ہے اس لئے فجر اور عشاء کی نماز کے بعد 45 منٹ تک واک کرنے سے بیماریوں سے نجات مل جاتی ہے اور مریضوں کو چاہیے کہ وہ نماز پنجگانہ ادا کریں اور سنت نبی پر بھی عمل پیرا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی مریض کو دل کی کوئی تکلیف ہو تو وہ فوری طور پر سرکاری ہسپتال کے شعبہ کارڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ میں آئیں وہاں پر چوبیس گھنٹے ڈاکٹر زو عملہ مریضوں کو صحت یاب کرنے کے لئے موجود ہوتا ہے۔