جہلم: صحافت کی بے توقیری ہرگزہرگز برداشت نہیں، ورکنگ صحافیوں کا فرض ہے کہ وہ صحافت کی آڑ میں چھپی ہوئی کالی بھیڑوں کا محاسبہ کریں اور مل جل کر ان کا راستہ روکیں تا کہ صحافت کی حرمت کو بچایا جا سکے۔
ان خیالات کا اظہار صدر جہلم پریس کلب محمد شہباز بٹ، صدر الیکٹرانک میڈیا چوہدری عابد محمود نے پنڈدادنخان پریس کلب سے آئے ہوئے صحافیوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ صحافت ایک مقدس پیشہ ہے، لہذا صحافیوں کا فرض ہے کہ وہ اپنے قلم کے ذریعے ظلم و جبر اور معاشرتی ناانصافیوں کے خلاف جہاد کریں تا کہ مظلوم کی دادرسی اور ظالم کا راستہ روکا جا سکے، جہلم پریس کلب اس سلسلہ میں اپنا بھر پور کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جہلم پریس کلب ضلع جہلم کے مظلوم عوام کی آواز بن چکا ہے اور ہر فورم پر شہریوں کے مسائل کو بلا تفریق اجاگر کیا جا رہا ہے۔