جہلم: عید الفطر کی آمد آمد بازاروں میں خریداروں کا رش نظر آنے لگا، مہنگائی کے باعث عام شہریوں کے لیے خریداری مشکل ترین ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق عید الفطر قریب آتے ہی شہر کی مختلف مارکیٹوں اور بازاروں میں خریداروں کا رش دیکھنے میں آرہا ہے تا ہم خریداروں کے لیے عید الفطر کے لیے خرید اری کرنا مشکل ترین ہو چکا ہے، عید پر پہننے والے ملبوسات، جوتے بھی مہنگے ہو چکے ہیں، ریڈی میڈ کپڑوں کی قیمت میں 100 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے۔
بازاروں میں گزشتہ ہفتوں میں 2500 روپے میں ملنے والا سوٹ اب 4000 روپے تک فروخت کیا جا رہا ہے، اسی طرح جوتوں اور چوڑیوں کی قیمتوں میں بھی بے تحاشہ اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی خریداری کیلئے آنیوالے لوگوں کے لیے درد سر بن چکی ہے۔
شہری ملبوسات خریدے بغیر ہی گھروں کو خالی ہاتھ واپس جانے پر مجبور ہیں۔ دوسری جانب ذخیرہ اندوزوں اور منافع خور مافیا کے وارے نیارے ہو چکے ہیں اور وہ اشیاء خوردونوش سمیت دیگر اشیاء کو من مانی قیمتوں پر فروخت کرتے نظر آتے ہیں۔
عوامی سماجی حلقوں نے اس صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید الفطر کی آمد سے قبل مصنوعی مہنگائی کا بازار گرم کرنے والوں کو لگام ڈالی جائے تا کہ عام لوگ عید الفطر کے لیے خریداری کر سکیں۔