جہلم: محکمہ ماحولیات کی عدم دلچسپی، اندرون شہر اور گردونواح میں قائم ماربل فیکٹریاں اور بھٹہ خشت فضائی آلودگی کاباعث بننے لگے، شہری دمہ ، آشوب چشم سمیت موذی امراض میں مبتلا ہونے لگے۔ دوسری جانب مناسب حفاظتی اقدامات نہ ہونے کیوجہ سے محنت کش موذی امراض ٹی بی، دمہ، جلدی بیماریوں میں مبتلا ہونے کی اطلاعات ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر اور گردونواح میں قائم ماربل فیکٹریاں اور بھٹہ خشت سے اٹھنے والی دھول مٹی فضائی آلودگی کا باعث بن رہی ہے، جس کی وجہ سے اردگر د کے رہائشی مہلک امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ سارا دن ماربل فیکٹریوں اور بھٹہ خشت میں کام کیا جاتا ہے ،جس کی وجہ سے فضائی آلودگی کے باعث علاقہ مکین سانس، دمے، ٹی بی اور آشوب چشم جیسی مہلک امراض میں مبتلا ہورہے ہیں۔
ماہر امراض ٹی بی وتب دق کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پتھر کی دھول مٹی اور کوئلے کے دھوئیں کی وجہ سے دمہ، ٹی بی جیسی مہلک بیماریاں پیدا ہونے کے خطرات بڑھ رہے ہیں۔
شہری، سماجی، رفاعی اور فلاحی تنظیموں کے عمائدین نے نگران وزیر اعلی پنجاب سے نوٹس لینے اور محکمہ ماحولیات میں فرض شناس ایماندار افسران و عملہ تعینات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔