پنڈدادنخان: تحصیل پنڈدادنخان کو ہر دور میں پسماندہ رکھا گیا ہے ،ہمیں کوئی بھی بنیادی سہولت حاصل نہیں ہے جوکہ یہاں کے عوام کے ساتھ ناانصافی ہے۔ تحصیل بھر کے لاکھوں باسیوں کے حق کے لیے ہم قانونی راستہ اختیار کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار پنڈدادنخان ویلفیئر سوسائٹی اسلام آباد کے جنرل سیکرٹری راجہ عتیق جنجوعہ اور پنڈدادنخان ویلفیئر سوسائٹی اسلام آباد کے قائم مقام صدرمعروف قانون دان سپریم کورٹ غلام مصطفی کندوال ایڈووکیٹ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل بھر کی تمام مین رابطہ سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کو غمی خوشی کے لیے آنا جانا اور مریضوں کو دوسرے شہر کے ہسپتالوں میں منتقل عذاب بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حال ہی میں لِلہ تا جہلم ڈیول وے کیرج کے فنڈز روکنے کی وجہ سے سڑک کی تعمیر کا کام روک دیا گیا ہے جبکہ ہمسایہ اضلاع میں ضلع جہلم کے بعد سڑکوں کی تعمیر شروع کی گئی جو کہ کافی حد تک کام مکمل ہوگیا ہے جبکہ ہماری تحصیل قید خانے میں تبدیل ہوچکی ہے، مون سون کا موسم ہے اور معمولی بارشوں سے بھی مذکورہ سڑک پر سفر کرنا انتہائی دشوار ہوچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ المیہ یہ ہے کہ پنجاب بھر میں ہماری تحصیل نمایاں طور پر حکومت کو سالانہ اربوں روپے ٹیکس کی مد میں ادا کرتی ہے، تحصیل پنڈدادنخان کے شہر کھیوڑہ میں دنیا کی دوسری بڑی اور ا یشیاء کی سب سے بڑی کان نمک کھیوڑہ اور براعظم ایشیاء کی سب سے بڑی سوڈا ایش کمپنی واقع ہے لیکن آمدورفت کی سہولیات کی ابتر حالت کے باعث ہر طبقہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ یہاں نہ تو اچھی سڑکیں ہیں نہ تعلیمی ادارے اور نہ ہی اچھے ہسپتال ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تحصیل پنڈدادنخان کے عوام کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھنا یہاں کے عوام کے ساتھ ناانصافی ہے، تحصیل بھر کے عوام کا حق حاصل کرنے کے لیے ہم قانونی راستہ اختیار کریں گے اور اپنی بھرپور کوشش سے اپنے علاقہ کے عوام کا حق حاصل کریں گے۔