جہلم: ڈویژنل فارسٹ آفیسر سدھیر احمد مغل نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں شجر کاری مہم کا آغاز کیا جا چکا ہے، ہر شہری ماحول دوست پودے لگا کر اپنا حصہ ڈالے۔
ڈویژنل فاریسٹ آفیسر سدھیر احمد مغل نے گزشتہ روز بجوالہ جنگل میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کرتے ہوئے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ جہلم ضلع بھر میں اس شجر کاری مہم کے دوران ہزاروں نئے پودے لگائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس مہم کے تحت مختلف سرکاری اداروں اور سرکاری و غیر سرکاری تعلیمی اداروں میں نئے پودے لگائے جائیں گے۔ اداروں کے سربراہان کو انتہائی کم نرخوں پر پھلدار، پھولدار، سایہ دار نئے پودے مہیا کئے جائیں گے تا کہ ہر فرد، ہر طالبعلم اپنے حصہ کا درخت لگا سکے۔
اس موقع پر ایس ڈی ایف او سید وقاص حسین شاہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ در خت آکسیجن مہیا کرنے کا بہترین ذریعہ اور علاقہ میں خوبصورتی پیدا کرتے ہیں، زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر ہم گلوبل وارمنگ اور بڑھتی ہوئی آلودگی پر قابو پا سکتے ہیں۔
اس موقع پر شہری، سماجی، رفاعی، فلاحی تنظیموں کے عمائدین سمیت تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے شہریوں کی کثیر تعداد موجود تھی، بجوالہ جنگل میں ڈیڑھ ہزار سے زائد پودے لگائے گئے۔