دینہ میں ہمدردی کا جذبہ دکھانا سابق سکول ٹیچر کو مہنگا پڑ گیا، 3 نو سربازوں نے فلمی انداز میں ہزاروں روپوں سے محروم کر دیا، کار میں بیٹھ کر فرار ہو نے میں کامیاب ہو گئے، ٹیچر نے مقامی پولیس چوکی میں درخواست جمع کرا دی۔
تفصیلات کے مطابق موضع کرلہ تحصیل دینہ کا سابق سکول ٹیچر طارق محمود منگلا روڈ دینہ پر واقع نیشنل بینک سے اپنی پنشن 46000 روپے وصول کر کے باہر نکلا تو بینک میں ہی سے اس کے ساتھ ایک اور شخص بھی ان کے ہمراہ نکل آیا، باہر نکلتے ہی انہوں نے دیکھا کہ روڈ کے کنارے ایک نوجوان پیسوں سے بھرا شاپر اٹھا رہا تھا،جس نے ان دونوں کو بتایا کہ یہ اس کی اپنی رقم ہے یہ کہہ کر وہ چل دیا۔
چند لمحوں بعد ایک اور نوجوان اسی جگہ پر آگیا او ر ان سے کہا اس کے رقم یہاں گر گئی تھی، آپ نے تو نہیں دیکھی، سکول ٹیچر اور دوسرے شخص نے کہا ایک نوجوان کو رقم اٹھاتے دیکھا ہے چلیں اس کا پیچھا کرتے ہیں، سکول ٹیچر بھی ہمدردی کے جذبے کے ساتھ ان کے ساتھ ہو لیا۔
کچھ دور قدرے ویران جگہ پر رقم اٹھانے والے شخص کو جا پکڑا، وہاں پر تینوں نامعلوم نوسربازوں نے سکول ٹیچر کے پاس موجود رقم 46 ہزار چھین لی اور کار میں بیٹھ کر فرار ہونے میں کا میاب ہو گئے۔
سکول ٹیچر اس اچانک واردات پر ان نوسربازوں کا منہ دیکھتا رہ گیا، پولیس چوکی دینہ نے ماسٹر طارق محمود کی درخواست پر تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔