پنڈدادنخان: پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے، پاکستان ہے تو ہم ہیں، مضبوط پاک فوج ہے تو پاکستان ہے، حکومت فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والے شر پسندوں کے خلاف صرف سخت ترین کارروائی ہی نہ کرے بلکہ ان کی اور ان کے سرپرستوں کی جائیدادوں کو بیچ کر پاک فوج کا ہونے والا نقصان پورا کرے۔
ان خیالات کا اظہار پاکستان سوشل ایسوسی ایشن کے مرکزی سیکرٹری انفارمیشن حکیم سید اختر علی شاہ بخاری نے پاک فوج یکجہتی ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن 75 سال میں وہ کچھ نہیں کر سکا جو ان شر پسندوں نے سیاسی جماعتوں کی آڑ لے کر ملک و قوم کو نقصان پہنچایا ہے، پرامن احتجاج کرنا ہر سیاسی جماعت کا بنیادی حق ہے جسے روکا نہیں جا سکتا لیکن ٹارگٹ بنا کر سوچی سمجھی سازش کے تحت قومی املاک کو نقصان پہنچانا ایک ناقابل معافی جرم ہے۔
پاک فوج پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں کی حمایت میں نکلنے والی یکجہتی ریلی طاہر آصف شہید کی رہائش گاہ سے شاہد آصف چوہدری اور دیگر شہریوں کی زیر قیادت نکالی گئی۔ ریلی کا اختتام نوازش شہید چوک میں یادگار شہدا پر ایک جلسے کی صورت اختیار کر گئی۔ ریلی میں مسلح پولیس دیگر سکیورٹی اداروں کے علاوہ شہریوں نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی۔
شاہد آصف چوہدری سخاوت و دیگر نے خطاب میں مسلح افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سرکاری اور قومی املاک کو نقصان پہچانے والوں کو سخت ترین سزائیں دے کر عبرت کا نشان بنائے۔ اس موقع پر شرکاء نے پاک فوج اور دیگر سکیورٹی اداروں کے حق میں زبردست نعرہ بازی کی۔