جہلم: شہریوں کی پھل سستے ہونے کی امیدیں دم توڑ گئیں، دکانداروں نے سرکاری ریٹ سے زائد قیمتوں پر پھل فروخت کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سرکاری نرخ نامے پر عمل کروانے میں تاحال ناکام ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پھل فروٹ فروخت کرنے والوں نے سرکاری نرخ نامے پاؤ ں تلے روندنے شروع کر رکھے ہیں۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ سبزی و فروٹ منڈی میں جب تک اپنی موجودگی میں بولیاں نہیں کروائے گی، اس وقت تک یہ سلسلہ اسی طرح چلتا رہے گا، انتظامیہ کا کوئی افسر علی الصبح سبزی و فروٹ منڈی جانے کی زحمت گوارا نہیں کرتا۔ آڑھتی اپنی مرضی کے مطابق اشیاء فروخت کرتے ہیں، اس کے بعد مارکیٹ کمیٹی کا عملہ نرخ نامے تیار کر کے دکانوں پر فروخت کر دیتے ہیں ،مہنگی اشیاء خرید کر سستے داموں کسی صورت فروخت نہیں کر سکتے۔
دکانداروں نے نگران وزیراعلی پنجاب اور چیف سیکرٹری پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر کو اپنی موجودگی میں بولیاں کروانے کا پابند بنایا جائے تاکہ مہنگائی کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔