جہلم: ماہ اپریل میں پرائس کنٹرول کارروائیوں میں ضلع جہلم کی پنجاب بھر میں نمایاں پوزیشن، گراں فروشوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔ ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن(ر) سمیع اللہ فاروق کی ہدایت
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی خصوصی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق کی زیر نگرانی ماہ اپریل میں اب تک گراں فروشوں کے خلاف مسلسل کارروائیاں جاری ہیں، ماہ اپریل میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے تحصیل جہلم میں 7691 کارروائیاں کرتے ہوئے 374گراں فروشوں کو پانچ لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے کئے جبکہ 17گراں فروشوں کے خلاف مقدمات کے اندراج کے بعد گرفتار کیا گیا۔
تحصیل دینہ 2168 کارروائیاں کی گئیں جس میں 43گراں فروشوں کو ایک لاکھ روپے سے زائد جرمانے اور 21 دوکانداروں کو گراں فروشی کرنے پر گرفتار کیا گیا، تحصیل سوہاوہ میں 1338 کارروائیوں میں 44 دوکانداروں کو جرمانے کرکے 1 لاکھ 48 ہزار جرمانے وصول کئے گئے۔ تحصیل پنڈدادنخان میں ماہ اپریل کے دوران 2851 کارروائیاں کر کے 127گراں فروشوں کو 2 لاکھ 8 ہزار روپے جرمانے کر کے 27 دوکانداروں کو جیل بھجوایاگیا۔
اس طرح مجموعی طور پر ماہ اپریل کے چار ہفتوں کے دوران 14 ہزار سے زائد مقامات پر مختلف اوقات میں پرائس چیکنگ کی گئی اور 65گراں فروشوں کوجیل بھجوانے کیلئے علاوہ لاکھوں روپے جرمانے کی مد میں وصول کئے گئے، ڈپٹی کمشنر نے پرائس مجسٹریٹس کی کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے پرائس کنٹرول کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے ناجائز منافع خوروں اور گراں فروش مافیا کے خلاف سخت اقدامات جاری ہیں اور سرکاری نرخوں پر فروخت نہ کرنے والوں کے مزید قانونی کارروائیوں کا سامنا کرنا ہو گا پرائس مجسٹریٹس اس حوالے سے کام کو مزیدبہتر بنائیں۔