جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق کی ہدایت پر محکمہ صحت کی کارروائی، اثریہ روڈ پر کباڑشاپ میں جمع پانی سے ڈینگی لاروا ملنے پر مالک کے خلاف مقدمہ درج، گودام سیل کر دیا گیا، پولیس نے قانونی کارروائی شروع کر دی۔
ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق کی زیر صدارت انسداد ڈینگی اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈینگی مچھر کی افزائش میں اضافہ انتہائی خطرناک ہے اس موسم میں ڈینگی کی افزائش کے تمام امکانات کو ختم کرنے کے لیے پوری تندہی سے کام کرنا ہوگا، برسات کے موسم کے بعد ڈینگی مچھر کی افزائش میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کے تدارک کے لیے سرویلنس کو مزید تیز کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ جہاں کہیں سے لاروا ملتا ہے، مالکان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے، ڈینگی کی افزائش روکنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں اور تمام متعلقہ محکموں کو ریڈ الرٹ جاری کیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر مختلف محکموں اور پبلک مقامات کا دورہ کر کے اچانک چیکنگ کریں گے اور کوتاہی یا لاپروائی کی صورت میں سخت ایکشن لیا جائے گا۔