منگلا/ دینہ: ایس ایچ او منگلا کینٹ جہلم کی ملی بھگت، محر ر نے عملہ کے ساتھ مل کر 550 دفعہ میں بند موٹرسائیکلیں غیر قانونی طریقے سے فروخت کر کے دیہاڑی لگا لی، ڈی پی او جہلم کا نوٹس، ایس ایچ او احسن شہزاد بٹ ،محررامیر افضل اور کباڑیے کو گرفتار کر لیا گیا، 2 کانسٹیبل فرار، مقدمہ درج کر لیا گیا۔
تھانہ منگلا کینٹ سے موٹر سائیکلوں کے غائب ہونے کا معاملے کا ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی سٹی میاں افضال احمد کو انکوائری کر کے رپور ٹ پیش کرنے کا حکم دیا،انکوائری رپورٹ موصول ہونے پر ایس ایچ او منگلا کینٹ احسن شہزاد بٹ، محرر منگلا کینٹ امیر افضل اور 2 کانسٹیبل کو معطل کر دیا گیا۔
واقعہ میں ملوث چاروں پولیس ملازمین کے خلاف موٹر سائیکلوں کے غائب کرنے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے،ایس ایچ او منگلا کینٹ اور محرر منگلا کینٹ کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ ڈی ایس پی ملک عقیل عباس نے پولیس ملازمین کی نشاندہی پر دینہ کے کباڑیے سے 2 چوری شدہ موٹرسائیکلیں برآمد کر لی ہے، کباڑیے نے انکشاف کیا کہ باقی 13 موٹر سائیکلیں گوجرانوالہ فروخت کر دی ہے۔
اس حوالے سے ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ کا کہنا ہے کہ اچھے اور برے کام پر سزا اور جزا کے اصول پر عمل پیرا ہیں، قانون سے تجاوز کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔