سوہاوہ: منشیات سے معاشرے کو پاک کرنے کے لیے انسدادِ منشیات کے حوالے سے ایس ایچ او تھانہ سوہاوہ اور ڈی ایس پی تھانہ سوہاوہ کی زیر قیادت آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا۔
واک میں سیاسی و سماجی شخصیات سمیت انجمن تاجراں سوہاوہ کے صدر اور شہریوں نے شرکت کی، آگاہی واک تھانہ سوہاوہ سے شروع ہوئی اور میلاد چوک سوہاوہ پر اختتام پذیر ہوئی۔
اس موقع پر ایس ایچ او تھانہ سوہاوہ فرخ ڈار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان کا یہ عزم ہے کہ معاشرے میں منشیات کا مکمل طور پر خاتمہ کیا جائے، اس سلسلے میں پنجاب بھر میں آگاہی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے اور اس کے مثبت نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس تھانہ سوہاوہ نے چند ہی دنوں میں 12 کے قریب منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے اور ان کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی کی گئی ہے۔
ایس ایچ او فرخ ڈار نے مزید کہا کہ ہم سکولوں اور کالجوں میں بھی اس حوالے ڈے سیمینار کا اہتمام کر رہے ہیں اور آج بھی گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج سوہاوہ اور پرائیوٹ سکولوں میں آگاہی مہم کو چلاتے ہوئے سیمینار کا انعقاد کیا ہے جس میں نوجوانوں کو منشیات سے بچاؤ اور منشیات کے معاشرے میں نقصانات کے حوالے سے آگاہ کیا ہے۔
ایس ایچ او تھانہ سوہاوہ فرخ ڈار نے عوام سے یہ اپیل کی ہے کہ جہاں کئی بھی منشیات فروش دیکھیں یا کوئی ایسی سرگرمیاں دیکھیں تو فوراً ہمیں اطلاع کریں آئیے اپ اور ہم مل کر سوہاوہ کو منشیات سے پاک کریں اور نوجوانوں کے مستقبل کو محفوظ بنائیں۔