پنڈدادنخان: چک نظام پل ڈاکوؤں کی پناہ گاہ بن گئی، دن دیہاڑے مسلح ڈاکوؤں نے کوٹ عمر سے ملکوال جانے والے میاں بیوی سے چک نظام پل پر سے موٹر سائیکل، نقدی اور موبائل چھین لیا۔
تحصیل پنڈدادنخان کی عوام کا ملکوال بھیرہ جانے کا واحد سورس چک نظام پل ہے۔ جلالپور شریف، دھریالہ جالب، دیوان پور، پنڈی سید پور، پنڈدادنخان، کھیوڑہ، کوڑہ چوران اور دیگر علاقوں کے لوگوں کے رشتہ دار ملکوال رہائش پذیر ہیں، لوگوں کا خوشی غمی میں آنا جانا لگا رہتا ہے، چوبیس گھنٹے لوگوں کی آمدورفت جاری رہتی ہے۔
دن دیہاڑے مسلح ڈاکوؤں نے کوٹ عمر سے ملکوال جانے والے میاں بیوی سے چک نظام پل پر ہنڈا 125 موٹر سائیکل، 60 ہزار نقدی اور موبائل چھین لیا، ڈاکو موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
آئے روز ہونے والی وارداتوں سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیلا ہوا ہے، پنڈدادنخان سے چک نظام اورملکول کا سفر غیر محفوظ ہو چکا ہے۔ عوامی حلقوں نے ڈی پی او جہلم سے عوام کی جان ومال کی حفاظت کو محفوظ بنانے اور پولیس چوکی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔